• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کا سرنڈر، مقبوضہ کشمیر پر جمعرات کو APC کا اعلان


نئی دہلی(مانیٹرنگ نیوز)وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیریوں کے عزم و استقلال کے سامنے سرنڈر کردیا اور خصوصی حیثیت کی بحالی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے آل کشمیری پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میںمحبوبہ مفتی اور فارق عبداللہ کودعوت نامے جاری کردیےگئے جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے مشیر قومی سلامتی اورگورنر مقبوضہ کشمیر کے ساتھ طویل ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے ممکنہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے سمیت اہم مسائل کے حل کے لیے جمعرات کے روز تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وزیر داخلہ اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے مشیر قومی سلامتی اجیت دوال سمیت اہم حکام سے ملاقات کی ہے۔

وزیر داخلہ امیت شاہ اب مقبوضہ کشمیر کی بدلتی صورت حال پر سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں اور گزشتہ روز انہوں نے مشیر قومی سلامتی اور جموں و کشمیر کے گورنر کے ساتھ طویل ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم مودی نے مقبوضہ کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور فارق عبداللہ کو کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیج دیئے ہیں جس پر دونوں رہنماؤں نے اپنی اپنی جماعت کی میٹنگ طلب کرلی ہے جس میں دعوت نامے کو قبول یا مسترد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر میں تعطل کی شکار سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے ہیں جس کے لیے مودی سرکار اپنے سابق حلیفوں سے مشاورت کرنا چاہتی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تازہ ترین