• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بےنظیر بھٹو کی سالگرہ پر خواتین کا پہلا آن لائن عالمی مشاعرہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، آئی سی ایس ایف، پی پی پی گلف مڈل ایسٹ اور بزمِ نازؔ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام شہید بے نظیر بھٹو کی68 ویں سالگرہ کے موقعے پر ’دختر مشرق کا جشنِ بے نظیر‘ کے عنوان سے خواتین کا پہلا آن لائن عالمی مشاعرہ منعقد کیا گیا۔

اس مشاعرے میں پاکستان، بھارت، یورپ، امریکا، کینیڈا، مشرقِ وسطیٰ سمیت دیگر ممالک کی خواتین شاعرات نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھر پور انداز میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔

مشاعرے کی صدارت معروف شاعرہ اور ڈراما نگار محترمہ تنویر انجم نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی انسانی حقوق کی علم دار اور سابق نگراں صوبائی وزیر محترمہ انیس ہارون تھیں۔

مشاعرے میں نظامت کے فرائض دبئی میں مقیم نوجوان شاعرہ عائشہ شیخ عاشی نے انجام دیے۔ جن دیگر شاعرات نے مشاعرے میں حصہ لیا ان میں خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد میں نمایاں نام اور ترقی پسند شاعرہ محترمہ عطیہ داؤد، ہیوسٹن امریکا سے محترمہ تسنیم عابدی، دبئی سے ڈاکٹر ثروت زہرا، حیدر آباد دکن بھارت سےمحترمہ تسنیم جوہر، برلن، جرمنی سے ڈاکٹر عشرت معین سیما، کینیڈا سے ڈاکٹر حنا عنبرین طارق، علی گڑھ بھارت سے محترمہ حنا عباس، پشاور سے محترمہ کلثوم زیب، اشبر جدون، فیصل آباد سے سمیہ ناز ملک اور دیگر شامل تھیں۔

مشاعرے میں شریک بیشتر شاعرات شہید بے نظیر بھٹو کو یاد کر کے اپنےجذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اُن کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

اس موقع پر پی پی پی مڈل ایسٹ گلف شعبہ خواتین کی سینئر نائب صدر محترمہ عائشہ منیر ہانس نے شہید بی بی سے اپنی نسبت کی یاد تازہ کی اور تمام شاعرات کا شکریہ ادا کیا۔

مشاعرے میں شریک شاعرات کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے لیے ایک رول ماڈل تھیں۔ وہ ایک شہید ہیں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

مشاعرے میں شریک شاعرات اور دیگر مہمانوں نے مہمان خصوصی محترمہ انیس ہارون اور مہمانِ محتشم محترمہ عطیہ داؤد سے ان کی دیرینہ دوست اورمعروف صحافی شین فرّخ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے بھی دعا کی جو مشاعرے سے صرف ایک دن قبل انتقال کرگئی تھیں۔

شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقعے پرمنعقد کئے جانے والے اس یاد گار، تاریخی اور پہلے عالمی آن لائن مشاعرے کے اہتمام پر شاعرات اور دیگر مہمانوں نے تمام منتظمین بالخصوص پی پی پی آئی سی ایس ایف کے چیف آرگنائزر اور معروف ترقی پسند شاعر فارغ بخاری کے فرزندسید طاہر عباس بخاری، چیف کو آرڈی نیٹر افضال حسین انقلابی، پی پی پی مڈل ایسٹ گلف کے صدر میاں منیر ہانس اور بزمِ نازؔ انٹرنیشنل کے چیئر مین سیف اللہ سیفیؔ کا شکریہ ادا کیا۔

ان خواتین کا کہنا تھا کہ ہم اُن تمام مردوں کے شکر گزار ہیں جو خواتین کے حقوق کی جدو جہد میں نہ صرف ان کا ساتھ دیتے ہیں بلکہ ہمیں عملی طور پر مواقع بھی فراہم کرتے کہ ہم اپنی آواز لوگوں تک پہنچا سکیں۔

تازہ ترین