• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلاسگو،لاعلاج بیماروں کو قبل از وقت مرنے کا اختیار دینے کا بل پیش

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ایسے افراد جو دماغی طور پر تو صحت مند ہیں، لیکن جسمانی طرز پر شدید قسم کی ناقابل علاج بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، ان کی خواہش پر انہیں تکلیف سے نجات دلانے اور موت کی آغوش میں سلانے کے لیے مدد دینے کا بل پیر کو اسکاٹش پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔ اسکاٹش پارلیمنٹ کے کراس پارٹی گروپ نے بھی اس بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ایک سروے کے مطابق87فیصد عوام بھی اس کے حق میں ہیں۔ بل پیش کرنے والے رکن پارلیمنٹ سیام میکارتھر کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جن کی صحت یابی کی قطعاً کوئی امید نہیں، بجائے اس کے کہ وہ اپنی زندگیاں شدید تکلیف کی حالت میں موت کے انتظار میں گزاریں، انہیں اس مشکل سے نجات کے لیے محفوظ، ہمدردانہ اور بہتر طریقے سے اپنی موت کے متعلق فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے۔ ایسے افراد جو اس بل اور موقف کے خلاف ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس سے فالج کے متعلق نگہداشت کو نقصان پہنچے گا، علاوہ ازیں اس سے کمزور اور معذور مریضوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے کہ ان کی زندگیاں بے مقصد ہیں جس سے مایوسی پھیلے گی، ممتاز سماجی رہنما عامر ظفر شیخ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکہ زندگی اور موت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔ واضح رہے کہ2015ء میں بھی اس طرح کا ایک بل ناکامی سے دوچار ہوچکا ہے۔
تازہ ترین