• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا میں مسلمانوں کی ’تذلیل‘ کرنے پر فوجیوں کے خلاف تحقیقات

کولمبو (اے ایف پی )سری لنکا کی فوج نے اپنے فوجیوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے قواعد کی خلاف ورزی پر اقلیتی مسلمانوں کو سڑکوں پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کی سوشل میڈیا پوسٹس سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔اے ایف پی کے مطابق مسلح فوجیوں نے دارالحکومت کولمبو سے تین سو کلومیٹر دور مشرق میں ایراور نامی قصبے میں مسلمان شہریوں کو ہاتھ کھڑے کرنے اور سڑک پر گھٹنے ٹیکنے کا حکم دیا۔اس حوالے سے مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ اس حکم کو شرمناک اور اپنی تذلیل سمجھتے ہیں، جبکہ حکام نے اعتراف کیا کہ فوجیوں کو ایسی سزا دینے کا اختیار نہیں ہے۔متاثرین کھانا خریدنے کے لیے ریستوران جا رہے تھے۔ فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ ایراور کے علاقے میں مبینہ طور پر ہراسانی کی کچھ تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد ملٹری پولیس نے ابتدائی تفتیش کا پہلے ہی آغاز کر دیا ہے۔بیان کے مطابق انچارج افسر کو ہٹا دیا گیا تھا اور اس واقعہ میں ملوث فوجیوں کو شہر چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔سری لنکن فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فوج غلط کام کرنے والے تمام اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے گی۔
تازہ ترین