• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قندوز، افغان فورسز سے جنگ، 3 اضلاع پر قبضہ کرلیا، طالبان کا دعویٰ

قندوز (اے ایف پی) طالبان اور افغان فورسز کے درمیان اسٹریٹجک اہمیت کے حامل شہر قندوز کے قریب جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، طالبان نے قندوز کے تین اضلاع پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گزشتہ ماہ مئی کے اوائل میں افغانستان سے امریکی افواج کے حتمی انخلاء کے آغاز کے بعد سے طالبان نے ملک کے 421اضلاع میں سے 50سے زائد پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ طالبان کے کئی دعووں کی افغان حکومت تردید کرتی رہتی ہے جبکہ آزادانہ ذرائع سے اس کی تصدیق مشکل ہے بالخصوص ان علاقوں میں جہاں کا انتظام آئے روز کبھی طالبان یا کبھی افغان فورسز کے پاس چلا جاتا ہے۔ قندوز میں صوبائی کونسل کے ایک رکن امرالدین ولی نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ طالبان جنگجو شہر کے دروازوں پر موجود ہیں اور افغان فورسز کیساتھ ان کی لڑائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں نے قندوز کو ملحقہ صوبوں سے ملانے والی ہائی ویز کی پوزیشنز پر قبضہ کرلیا ہے۔ طالبان نے پیر کے روز قندوز صوبے کے امام صاحب ضلع پر بھی قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران طالبان کا تیسرے ضلع پر قبضہ ہے۔ قندوز پولیس کے ترجمان انعام الدین رحمانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لڑائی اب بھی جاری ہے اور افغان فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 کے قریب طالبان جنگجو ہلاک کردیے ہیں۔ تاہم افغان فورسز اور طالبان بیشتر اوقات ہلاکتوں کے اعدادوشمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ طالبان قندوز شہر کے ارد گرد کارروائیاں کررہے ہیں۔

تازہ ترین