• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی سے غریبوں کے گھروں میں فاقہ کشی شروع ہو چکی ہے،اخترعلی شاہ

پشاور(نمائندہ خصوصی)اے این پی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کیمٹی کے رکن سابق ہوم سیکرٹری کوممتاز قانون دان سید اختر علی شاہ ایڈوکیٹ اے این پی کے رہنما باچا خان ٹرسٹ کے ایگریکلچرل فائونڈیشن کے ڈائریکٹر اور ممتاز ماہر زراعت محمد سعیدخان نے کہا ہے کہ دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمرانوں کی نااہلی نالائقی اور لوٹ مار سے ملک بدترین معاشی بحران سے دو چار ہو چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی غربت بے روزگاری و مہنگائی سے غریبوں کے گھروں میں فاقہ کشی شروع ہو چکی ہے۔ غریبوں کے بچے بھوک سے بلبلا رہے ہیں جبکہ حکمران عوام کو دھوکہ دینے کے لئے معیشت کی بہتری کے دعوے کر رہے ہیں۔ اے این پی کے رہنمائوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں سے عوام بے زار ہو چکے ہیں اور حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ وفاقی حکومت سے بجلی منافع کے 636ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی نہ کرنا اور وفاقی بجٹ میں دوسرے صوبوں کے لئے زیادہ فنڈز مختص کرنا جبکہ خیبر پختونخوا کے فنڈز کم کرنا خیبر پختونخوا سے کھلم کھلا ناانصافی ہے۔ اے این پی صوبے سے ہونے والی ناانصافی کے خلاف احتجاج کرتی رہے گی چالیس سال سے زائد عرصہ کی دہشت گردی کی لپیٹ میں رہا ہے۔ خیبرپختونخوا تباہی سے دو چار ہو چکا ہے اور صوبے میں غربت و بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کی طرف سے امن کے لئے ہزاروں جانوں کی قربانی دی گئی۔ ہزاروں گھر تباہ ہوئے اور لاکھوں پختون نقل مکانی کر کے بے گھر ہوئے۔ تبدیلی سرکار کی طرف سے خیبر پختونخوا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کی بجائے مسلسل نظر انداز کرنے سے عوام میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔
تازہ ترین