• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ISI ہیڈکوارٹر، وزیراعظم کی زیرصدارت قومی انٹیلی جنس رابطہ کمیٹی اجلاس، کشمیر، افغانستان پر بریفنگ

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں اندرونی و بیرونی ملکی سکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل پر بریفنگ دی گئی۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹراسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل انٹیلی جنس رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کی، ذرائع کے مطابق اجلاس میں کشمیر اور افغانستان کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوااور بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا استقبال کیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ نیشنل انٹیلی جنس کو آرڈی نیشن کمیٹی کا نوٹیفکیشن 22جنوری 2021کو ہوا تھا، نیشنل کو آرڈی نیشن کمیٹی اجلاس میں وفاقی وزراء شیخ رشید اور فواد چوہدری نے شرکت کی۔ اجلاس میں سروسز انٹیلی جنس ایجنسیز اور ایف آئی اے کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انٹیلی جنس تعاون کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے نیشنل انٹیلی جنس کو آرڈی نیشن کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اجلاس میں اہم قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ،افغانستان کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس حوالے سے پاکستان میں امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق شرکاء نے لاہور میں ہونے والے بم دھماکے کی بھی شدید مذمت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا اور امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور جلد ہی اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو کٹہرے میں بھی لایا جائے گا ۔

تازہ ترین