• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کا دورہ ترکی اور آذربائیجان، عسکری قیادت سے ملاقاتیں

آرمی چیف کا دورہ ترکی اور آذربائیجان


راولپنڈی ( نیوز ایجنسی، جنگ نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ترکی اور آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا ہے، اس دوران انہوں نے عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، علاقائی سلامتی، افغان امن عمل میں پیش رفت، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ، دورہ ترکی کے موقع پر آرمی چیف نے ترک وزیر دفاع، ترکی کے کمانڈر جنرل اسٹاف اور بری فوج کے سربراہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر ترکی کوششوں کو سراہا، قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ترکی خطے کا ایک اہم مسلم ملک ہے، پاکستان اور ترکی کا تعاون خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت اثرات مرتب کرے گا، ان ملاقاتوں میں افغان امن عمل اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کےشعبوں میں بات چیت کی گئی جبکہ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دوسری جانب آذربائیجان کے وزیرداخلہ سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے آذربائیجان کے وزیرداخلہ اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، سکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ علاقائی امن ،تجارت اور توانائی سمیت مختلف امور پربات چیت کی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ جیواسٹریٹجک حالات میں قریبی تعاون خصوصی اہمیت رکھتا ہے، مختلف درپیش چیلنجز سے نمٹے کیلئے مشترکہ ردعمل وقت کی ضرورت ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقاتوں میں آرمی چیف نے ہر سطح ،فورم پر باہمی رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، آذربائیجان کی جانب سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا گیا اس کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کی عسکری قیادت نے افغانستان میں دیرپا امن کیلئے کوششوں کے لئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔

تازہ ترین