• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کو عوام کی حقیقی قیادت ہی بحران سے نکال سکتی ہے‘ عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ملک پر جب تک غیر حقیقی قیادت مسلط رہے گی قوم کو معاشی بدحالی سے نکالنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ ملک میں ہر جانب بھوک و افلاس ڈیرے ڈال چکی ہے۔ ہوشربا مہنگائی کسی کو سر اٹھانے کی مہلت ہی نہیں دے رہی۔ دولت کی یہ غیرمنصفانہ تقسیم اور اس کے باعث ہونے والا عوام کا معاشی قتل عام اس حقیقت پر اپنی مہر ثبت کرتا ہے کہ سلطنت عمرانیہ کو اسی لئے قوم پر مسلط کیا گیا ہے کہ وہ قوم کو معاشی طور پر اس قدر کمزور کردے کہ وہ فیصلے مسترد کرنے کی ہمت نہ کرسکے۔ ایک ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت کے وزیراعظم کا بیان نہ صرف اقوام عالم میں جگ ہنسائی کا باعث بنا بلکہ یہ طرزعمل ان شہداء کی لازوال قربانیوں کے رائیگاں چلے جانے کا باعث بن چکا ہے جنہوں نے اس پروگرام کو بنیاد دینے سے ایٹمی دھماکے تک اپنی زندگیاں وقف کررکھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم سب کچھ برداشت کرسکتی ہے مگر کوئی ان کا قومی تشخص مجروح کرکے اوزان کو بزدل و کمزور ثابت کرنے کی کوشش کرے یہ ہر گز برداشت نہیں کرسکتی۔ ایسا شخص ملک کے لئے سیکورٹی رسک نہیں تو اور کیا ہے قوم نے ملکی سلامتی و استحکام کے لئے ہر لاحاصل تجربہ خندہ پیشانی سے سہا اس امید کے ساتھ کہ شاید اب کی بار قائداعظم اور قائد عوام کے خواب کو حقیقت مل جائے۔ اگر اب بھی تبدیلی سرکار کے بیان پر ان سہولت کاروں کے کان پر جوں نہ رینگی تو ملک کی نظریاتی و جغرافیائی اکائیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کے خدشات جنم لیں گے۔
تازہ ترین