• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر اداکار انور اقبال کی طبیعت ناساز، اہلخانہ کی دُعاؤں کی اپیل

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار انور اقبال کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد اُن کے اہلخانہ نے مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار انور اقبال کو شدید علالت کی وجہ سے کراچی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔

انور اقبال کے اہلخانہ کے مطابق اداکار طویل عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور اب اُن کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے۔

اہلخانہ نے مداحوں سے اداکار کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل بھی کی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر انور اقبال کی ایک تصویر بھی زیرِ گردش ہے جس میں وہ اسپتال کے بیڈ پر موجود ہیں اور کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ انور اقبال کا شمار پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے ماضی کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے اُردو اور سندھی زبان کے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائے۔

ڈرامہ سیریل ’شمع‘ کی وجہ سے انور اقبال کو خوب شہرت اور کامیابی ملی۔

انور اقبال ناصرف ایک اداکار ہیں بلکہ وہ ماضی میں ایک نجی اسکول کے استاد بھی رہ چکے ہیں۔

اداکار کو اُن کی فنی خدمات کی بناء پر لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل اور فنکاروں کی جانب سے خراجِ تحسین بھی کیا گیا تھا۔

تازہ ترین