• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پالتو جانوروں اور پرندوں کیلئے صحت بخش چارہ، دانہ گھر میں تیار کریں

آصف احمد، ملیر ،کراچی

جانور، پرندے پالنا ایک قدیم مشغلہ ہے اوربعض افراداس مشغلے کو کمائی کا ذریعہ بھی بناتےہیں۔لیکن ان جانوروں، پرندوں کی دیکھ بھال، کھانے پینے کا خیال رکھنا کافی مشکل، مگر ازحد ضروری امر ہے۔ اب چوں کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے اور کئی افراد نے کافی پہلے قربانی کا جانور بھی خرید لیا ہے کہ اسےخود پال کر قربان کیا جاسکے اور قربانی کا صحیح حق ادا ہو۔ 

بہرحال، ذیل میں ہم پالتو جانوروں کے لیے چند گھریلو اور سستے چاروں اور پرندوں کے لیے دانے کی تیاری کی تراکیب پیش کررہے ہیں، جو نہ صرف ان کی بھوک مٹائیں گے، انہیں صحت مند رکھیں گے، بلکہ متعدّد طبّی مسائل سے بھی تحفّظ فراہم کریںگے۔

چوپایوں کے مرغوب چارے

٭کیکر کا چارہ پالتو جانوروں کے لیے بے حد مفید ہے ۔ اس کے لیے جانور کے برتن میں حسبِ ضرورت کیکر کے پتّے لے کر اس میں آدھی مقدار میں کھٹی پھلیاں اور پھول مِکس کرکے باریک کاٹ کے ڈال دیں۔

٭ گھیکورا کا پودا، جسے انگریزی میں ایلوویرا کہا جاتا ہے، طبّی فوائد سے مالا مال ہے اور اس کا استعمال جانوروں کے لیے بھی بےحد مفید ثابت ہوتا ہے۔ایلوویرا کا چارہ تیار کرنے کے لیے اس کے پتّے، کچھ جنگلی پودوں کے پتّے اور سمندری نمک درکار ہوتا ہے۔ سب سے پہلے ایلوویرا کے پتّے چھیل کر گُودا نکال لیں۔ پھر جنگلی پودوں کے پتّے باریک کاٹ کر گُودے میں اچھی طرح مِکس کر کے اور نمک ملا کے جانور کے برتن میں رکھ دیں۔وہ خودبخود رغبت سے کھائیں گے۔

٭سورج مُکھی کا چارہ توانائی فراہم کرنے کے علاوہ بھی کئی خواص کا حامل ہے۔ اس کے لیے سورج مُکھی کے باریک کٹے ہوئے پتّے، پھول اور بیج ہم وزن لے کر اچھی طرح یک جان کرکےپالتو جانور کو کھلائیں۔ ویسے یہ چارہ پرندوں کو بھی کھلایا جاسکتا ہے۔

٭سدا بہار کا پودا اگرچہ بہت عام سا پودا ہے، لیکن افادیت میں کسی سے کم نہیں۔ جانوروں کے لیے اس پودے کا چارہ بے حد فائدہ مند ہے۔ سدا بہار کے پتّے اور پھول ہم وزن باریک کاٹ کر اچھی طرح مِکس کریں اور گائے، بھینسوں، بکرے، بکریوں کو کھلائیں۔

٭جانور مِکس سبزی کا چارہ بھی رغبت سے کھاتے ہیں۔ اس کے لیےپھول گوبھی، پالک اور چولائی کا ساگ ہم وزن ٹہنیوں سمیت باریک کاٹ لیں اور اتنا مِکس کریں کہ لیس دار ہو جائے۔

٭اسپیشل ڈیری بریڈنگ کے لیے بھی ایک خاص قسم کا چارہ تیار کیا جاتا ہے،جس کے لیے مکئی کے دانے اور پتے، سادہ گھاس، لوسن، سمندری نمک، پھول گوبھی، برگد کے پتّے اور ناریل کا تیل درکار ہوتا ہے۔ تمام اشیاء ہم وزن باریک کاٹ کر نمک اور تیل میں مِکس کرلیں۔ یاد رہے، اگر چارہ ایک کلو ہو، تو اس میں ایک کھانے کا چمچ تیل ڈالا جائے گا۔

مُرغیوں، پرندوں کا پسندیدہ دانہ

٭مُرغیوں، پرندوں کو صحت مند اور چست و توانا رکھنے کے لیے انہیں مِکس اناج کا دانہ ضرور کھلائیں۔ اس کے لیے باجرہ، سورج مُکھی کے بیج، چنے کے چھلکے اور مکئی کے بیج برابر مقدار میں لے کر باریک کوٹ لیں۔ یک جان ہو جائیں، تو پھر پرندوں کو تھوڑا تھوڑا کر کے ڈالیں۔

٭پرندے،خصوصاً توتے پھلوں کے چھلکے بھی بے حد شوق سے کھاتے ہیں۔ اس کے لیے کیلے، آم اور پپیتے کے چھلکے ہم وزن لے کر باریک کاٹ کے پالتو پرندوں کے کھانے کے برتن میں ڈال دیں۔

٭مُرغیوں، پرندوں کے لیے بھی اسپیشل بریڈنگ دانہ تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے سوکھی مچھلی یا سمندری جھاگ، باجرہ، چاول، خربوزے کے بیج(چھلکے سمیت)، دال ماش اور سرسوں کا تیل لے لیں۔ تمام اجزاء علاوہ تیل کے، ہم وزن لے کر قدرے موٹے موٹے کُوٹ لیں۔ اگر دانہ ایک کلو ہے، تو اس میں ایک چمچ کھانے کا تیل ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں اور ان کے کھانے کے برتن میں رکھ دیں۔

تازہ ترین