• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروین رحمٰن کو رکاوٹ بننے پر قتل کیا، ملزم کا اعتراف

Perween Rahman Murderer Plead Guilty
افضل ندیم ڈوگر ...اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی زمین پر قبضہ کرکے جوڈو کراٹے سینٹر بنانے میں رکاوٹ ڈالنے پر سماجی رہنما پروین رحمٰن کو قتل کیا گیا۔ یہ انکشاف کراچی غربی پولیس کے ہاتھوں گرفتار قتل کے مرکزی ملزم رحیم سواتی نے ابتدائی تفتیش کے دوران کیا ہے۔ واردات میں ملوث تین ملزمان ابھی بھی مفرور ہیں۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیرسماعت مقدمہ قتل میں دو ملزمان احمد خان عرف پپو کشمیری اور عمران سواتی گرفتار ہیں۔ دونوں ملزمان مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پروین رحمٰن کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔

ایس ایس پی ویسٹ غلام اصفر مہیسر کے مطابق اب گرفتار کئے گئے ملزم رحیم سواتی کا نام کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں مرکزی ملزم کے طور پر شامل ہے۔ پولیس کے مطابق اس کیس میں تین ملزمان ایاز سواتی، امجد آفریدی اور ظاہر شاہ عرف شلداد ابھی تک مفرور ہیں۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم رحیم سواتی نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ عوامی نیشنل پارٹی میں ضلع غربی کے مختلف عہدوں کا کام کرتا رہا ہے۔

ملزم کے مطابق اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کے مرکزی دفتر کے ساتھ پروجیکٹ کی خالی اراضی پرانہوں نے قبضہ کرلیا تھا اور وہاں جوڈو کراٹے سینٹر قائم کرنا چاہتا تھا مگر پروین رحمٰن نے مداخلت کی اور اس سلسلے میں ہر کوشش کو ناکام بناتی رہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں واٹر مافیا کے ساتھ مل کر اس نے واٹر ہائیڈرینٹ بھی قائم کرا رکھا تھا۔ پروین رحمٰن سے اورنگی ٹاؤن کے پانی پر ڈاکہ قرار دے کر رکاوٹیں پیدا کر رہی تھیں جس بنا پر اس نے ساتھیوں کے مدد سے پروین رحمٰن کو قتل کیا۔

پروین رحمٰن کے قتل کے الزام میں پولیس نے اس سے قبل بھی ایک ملزم بلال عرف ٹینشن کو گرفتار کیا تھا مگر پولیس اس کے خلاف ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکی تھی جس پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اسے بری کردیا تھا۔

56 سالہ پروین رحمٰن کو 13 مارچ 2013 کو اورنگی ٹاؤن میں واقع پروجیکٹ کے دفتر سے گھر جاتے ہوئے بنارس بائی پاس پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تازہ ترین