کراچی (نیوز ڈیسک)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج کے انخلاء کے بعد صورتحال بگڑ رہی ہے، امریکی مشن کی ناکامی کے بعد افغانستان عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے اور خطے کے دیگر ممالک خصوصاً وسط ایشیائی ریاستیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
جمعہ کو ریجنل سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاروف نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کو سیاسی اور فوجی انداز سے حل کرنے کے نتیجے میں جو غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ تیزی سے بڑھ رہی ہے، بدقسمتی سے حالیہ دنوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ افغانستان میں صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے، یہ واضح ہے کہ موجودہ حالات میں خدشہ ہے کہ عدم استحکام کی یہ صورتحال افغانستان کے پڑوسی ملکوں میں پھیل سکتی ہے، یہ ایک ایسا خطرہ ہے جو خطے میں افغانستان کی جانب سے تعاون کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا افغانستان کے پڑوسی ممالک میں اپنی جگہ بنانے کے معاملے میں بھی ناکام ہوگیا، پاکستان اور ازبکستان نے امریکا کو انکار کر دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر امریکا کو کوئی انفرا اسٹرکچر نہیں دیں گے، ہمارے اتحادیوں میں سے کسی نے امریکا کو ہاں کہہ کر اپنی آبادی کوخطرے میں ڈالنے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ روس کو کوئی دلچسپی نہیں کہ افغانستان کا عدم استحکام دیگر ملکوں پر ابل پڑے کیونکہ روس افغان عوام کیلئے نیک نیتی کے جذبات رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔