• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد پر اظہار برہمی، برٹنی اسپیئرز کا لائیو پرفارمنس ترک کرنیکا اعلان

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے اپنے والد پر اظہار برہمی کرتے ہوئے لائیو پرفارمنس ترک کرنے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برٹنی اسپیئر نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں کسی بھی اسٹیج پر لائیو پرفارمنس نہیں دیں گی جب تک تمام معاملات کا اختیار ان کے والد کے ہاتھوں میں ہے۔’دا پرنسز آف پاپ‘ کا لقب حاصل کرنے والی برٹنی اسپیئرز نے اپنے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنے گھر میں ریکارڈ کی گئی ڈانس کی ویڈیوز شیئر کیا کریں گی بجائے لاس ویگس کے اسٹیج پر پرفارم کرنے کے۔’میں مستقبل قریب میں کسی بھی اسٹیج پر پرفارم نہیں کروں گی جب تک کہ میرے والد میرے پہننے، کہنے، کرنے اور سوچنے سے متعلق معاملات ہینڈل کر رہے ہیں۔‘برٹنی اسپیئرز نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’میں نے چھوڑ دیا ہے۔39 سالہ گلوکارہ کے ایک دہائی سے زائد عرصہ پہلے ڈپریشن میں جانے کے بعد سے ان کے والد جیمی اسپیئرز وسیع پیمانے پر ان کے مالی اور ذاتی معاملات دیکھتے ہیں۔اسی وجہ سے حالیہ سالوں میں ان کے کچھ مداحوں نے ’فری برٹنی‘ نامی آن لائن مہم کا آغاز بھی کیا۔رواں ہفتے امریکی گلوکارہ کو اپنے معاملات پر والد کا کنٹرول ختم کرنے سے متعلق پہلی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔بدھ کو جج نے فیصلہ سنایا تھا کہ برٹنی اسپیئرز سرپرستی کے خاتمے کے لیے اپنا وکیل مقرر کر سکتی ہیں۔ گلوگارہ نے سرپرستی کو ’ظلم‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔جون میں برٹنی اسپیئرز نے ایک جذباتی عدالتی سماعت کے دوران جج سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی متنازع سرپرستی کا خاتمہ کیا جائے جس کی وجہ سے ان کے والد 2008 سے ان کے معاملات کنٹرول کر رہے ہیں۔برٹنی سپیئرز نے ویڈیو کے ذریعے عدالت میں اپنے 20 منٹ کی تقریر کے دوران کہا تھا کہ ’مجھے میری زندگی واپس چاہیے۔13سال ہو چکے ہیں اور یہ بہت ہیں۔‘ سماعت کے دوران ان کے مداح عدالت کے باہر ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

تازہ ترین