• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیڈن انتظامیہ میں پہلی بار گوانتانامو بے سے قیدی منتقل

واشنگٹن (جنگ نیوز )جو بائیڈن کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی بار گوانتانامو بے کے عسکری حراستی مرکز سے ایک قیدی کو مراکش منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گوانتاناموبے میں باقی رہ جانے والے 39قیدیوں میں سے 10افراد رہائی کے منتظر ہیں۔ امریکی حکام نے یہ بات صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی اور اس فہرست میں ایک پاکستانی شہری سیف اللہ پراچا بھی شامل ہو سکتے ہیں۔73سالہ سیف اللہ پراچا گزشتہ 16 برس سے کوئی جرم ثابت ہوئے بغیر کیوبا میں قائم امریکی جیل میں قید ہیں۔بتایا گیا ہے کہ عبدالطیف ناصر نامی یہ 56سالہ قیدی مراکش سے تعلق رکھتا ہے اور 2002سے اس حراستی مرکز میں قید تھا۔ اس قیدی کو 2016میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس منتقلی کے بعد اب اس متنازعہ قیدخانے میں موجود قیدیوں کی مجموعی تعداد 39رہ گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں گیارہ ستمبر 2001کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد غیرملکی ملزمان کو گوانتانامو کے حراستی مرکز میں قید کیا گیا تھا، جب کہ تفتیش کے انتہائی متنازعہ طریقوں کی وجہ سے یہ حراستی مرکز انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں رہا ہے۔

تازہ ترین