• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر بورڈ میں ناظم امتحانات تبدیل،7 ہزار امیدوار دوبارہ امتحان دینگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ناظم امتحانات کو تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ 7؍ اگست سے انٹر سال اول کے ساتھ ساتھ انٹر کا امتحان دوبارہ یا 12پرچے دینے والے امیدواروں کا بھی امتحان ہوگا۔ گزشتہ برس سابق چیئرمین نے طلبہ کو یہ سہولت نہیں دی تھی جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ متاثر ہوئے تھے تاہم بورڈ کے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے ایسے تمام طلبہ کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 7؍ ہزار سے زائد طلبہ انٹر کا امتحان دوبارہ دیں گے چنانچہ ان کے تین پرچوں کے بجائے تمام پرچے دوبارہ لئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد کو ہٹانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جگہ اسلم چوہان کو اس لئے لایا گیا ہے کہ زرینہ راشد کے بچے بھی رواں سال امتحانات میں شریک ہورہے تھے اس حوالے باقاعدہ محکمہ بورڈز و جامعات کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے اب اسلم چوہان ہی مستقل ناظم امتحانات کے تقرر تک قائم مقام ناظم امتحانات کے طور پر کام کریں گے۔ واضح رہے کہ سابق چیئرمین بورڈ انعام احمد نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے مقرر کردہ ناظم امتحانات عظیم صدیقی کو ہٹا کر ازخود شجاعت ہاشمی کو ناظم امتحانات مقرر کردیا تھا لیکن اس وقت کے سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے کوئی ایکشن نہیں لیا تھا بعد میں جب بورڈ میں نتائج اور امتحانات کے حوالے سے سنگین بے قاعدگیوں کی شکایت سامنے آئیں تو تحقیقاتی کمیٹی قائم ہوئی اور اس نے چیئرمین بورڈ اور شجاعت ہاشمی کیخلاف چشم کشا رپورٹ تیار کی مگر اس پر بھی ایکشن نہیں ہوا اور معاملہ دبا دیا گیا۔

تازہ ترین