• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرنیٹ کی مدد سے کارڈز ہیک کر کے رقم چوری میں ملوث ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرزکی ٹیکنیکل ٹیم اورایف آئی اے کے سائبرکرائم وِنگ نے اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کر کے انٹرنیٹ کی مدد سے بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور ویزا کارڈ کو ہیک کر کے رقم چُرانے میں ملوث انتہائی مطلو ب ملزم محمد آصف مغل کو گرفتار کر کے ملزم کے زیر استعمال کمپیوٹر بر آمد کر لیا گیا،ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشا ف کیا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ماہر ہے اور مختلف ملکوں کے بینک اکاؤنٹ اور کریڈٹ کارڈ ہیک کرنے پر عبور رکھتا ہے، ملزم Jshop ویب سائیٹ سے کارڈ خریدتا تھا اس کے بعد ڈی ایچ گیٹ یاعلی ایکسپریس سے سامان کی خریداری کرتا تھا، پہلے ملزم اسکائیپ پر سیلر سے بات کر کے اس کو رضا مندکرنے کے بعد 40 فیصد تک کمیشن دیکر 60 فیصد کی آن لائن خریداری کرلیتاتھا،ملزم نے 2018 سے مختلف کال سینٹرز سے 2 ہزار سے 5 ہزارروپے تک میں بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹاخریدنا شروع کیا اور اپنے بنائے گئے کال سینٹر سے کسٹمرز کو کال کر کے بتا تا تھا کہ آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے اور کال سینٹر سے لی گئی معلومات سے کسٹمر کو گمراہ کر کے ان سے ایک OTP جنریٹ کرواتا تھا اس طرح ملزم کسٹمر زسے OTP کوڈ لینے کے بعد ان کے اکاؤنٹس سے پیسے نکال لیتا تھا، ملزم 2012 سے اس کام میں سرگرم تھا اور عوام کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے،ملزم 2014 سے 2016 تک متعدد بار ملائیشیا بھی جاتا رہا ہے، گرفتار ملزم کومزیدقانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین