• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد کرکٹ ٹیم کی کارکردگی جانچیں گے، وسیم خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیووسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے اختتام پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پرمایوسی ہوئی ہے ۔ ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذمے داری لینا ہوگی ، وہ کارکردگی نہیں دکھاتے تو ہم سے سوال کیا جاتا ہے کہ وہ ٹیم میں کیوں ہیں۔ کھلاڑیوں کا دفاع نہیں کررہا لیکن ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وسیم خان نے کہا کہ فاسٹ بولرمحمد عامر پہلے ہی میڈیاپر بتاچکے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں ان کی شکایات کیا تھیں اور چونکہ ہماری ملاقات ایک نجی معاملہ ہے ، اس لئے میں اس بات پر کچھ نہیں بتاؤں گا۔ وقار یونس اور دیگر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کے لئے ریٹائرمنٹ واپس لینے اور خود کو دوبارہ دستیاب کرنےکے لئے دروازہ کھلا ہے۔ میرا عامر سے اچھا رشتہ ہے ،باقاعدگی سے بات کرتا ہوں ، پی سی بی کی طرف یا نقطہ نظر سے کوئی مسئلہ یا کوئی انتقام نہیں ہے ، اور اگر وہ اپنے آپ کو ملک کے لئے دستیاب کرنا چاہتے ہیں توہمارے دروازے ہر کھلاڑی کے لئے کھلے رہیں گے۔ہم ایک دوسرے کی موقف سے واقف ہیں، وہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بعداگر وہ خود کو دستیاب بنانا چاہتا ہے تو یہ ان پر منحصر ہے۔ اس کے بعد یہ واضح طور ان کا انتخاب کرنے والوں کے لئے فارم اور فٹنس کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ہے ۔ آپ لوگوں کو مجبور نہیں کرسکتے ہیں اور ہم یقینی طور پر بورڈ کی حیثیت سے ایسا نہیں کریں گے۔

تازہ ترین