• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان نے قبضہ کیا تو افغانستان مسترد ریاست بن جائے گا، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکا نے کہا ہے کہ طالبان نے قبضہ کیا تو افغانستان مسترد ریاست بن جائے گااور کوئی ملک قبول نہیں کرے گا،دوسری جانب امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ افغان قیادت طالبان کے قبضے سے علاقے واپس لینے کی کوشش کے سلسلے میں آبادی کے بڑے مراکز کے ارد گرد فورسز کو دوبارہ منظم کر رہی ہے جب کہ ملک سے امریکی فوج کا انخلا بدستور جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ طالبان نے اقتدار پر قبضہ کیا تو افغانستان مسترد ریاست بن جائےگا کوئی بھی ملک اسے قبول نہیں کرے گا۔ طالبان کا 90 فیصد ملک پر قبضے کا دعویٰ جھوٹ ہے اسے افغان حکومت بھی مسترد کرچکی ہے۔ٹی وی انٹرویو میں امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن کا کہنا تھاکہ اگر طالبان نے افغانستان زبردستی کنٹرول کیا تو امریکا سمیت بین الاقوامی امداد نہیں ملے گی۔ بلنکن نے کہا کہ امریکا کو تشویش ہوگی اگر طالبان نے افغانستان پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان کا 40سال سے تنازع حل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ کابل کے فوجی حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ ایک سوال پربلنکن نے کہاکہ اتحادی فوج کی مدد کرنیوالے ترجمانوں کو نہیں چھوڑا جائے گا انہیں خصوصی طور پر امریکا لے جایا جائے گا۔دریں اثنا امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ افغان قیادت طالبان کے قبضے سے علاقے واپس لینے کی کوشش کے سلسلے میں آبادی کے بڑے مراکز کے ارد گرد فورسز کو دوبارہ منظم کر رہی ہے جب کہ ملک سے امریکی فوج کا انخلا بدستور جاری ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ہفتے کو ریاست الاسکا کی ایک ایئربیس کی طرف جاتے ہوئے وزیرِ دفاع نے اپنے ہمراہ جانے والے رپورٹرز کو بتایا کہ افغان رہنما طالبان کی پیش قدمی کو روکنے کے ارادے پر قائم بھی ہیں اور وہ اس کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔آسٹن کا کہنا تھا کہ افغان قیادت کے لیے سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ طالبان کا مومینٹم کم کریں۔ اس کے بعد انہیں اپنے آپ کو ایسی پوزیشن میں لانا ہے جہاں وہ طالبان کے قبضے سے علاقوں کو واپس لے سکیں۔افغان قیادت کے حوالے سے آسٹن نے کہا کہ وہ طالبان کی پیش قدمی روکنے کا عزم اور صلاحیت رکھتی ہے۔ لیکن ہمیں دیکھنا ہو گا کہ آگے کیا ہوتا ہے۔واشنگٹن میں قائم ادارے ʼفاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز کے جریدے ʼلانگ وار جرنل کے مطابق یکم مئی سے شروع ہونے والے امریکی فوج کے انخلا سے اب تک طالبان نے اپنے زیر کنٹرول اضلاع میں تین گنا اضافہ کیا ہے۔

تازہ ترین