• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا استحقاق، کسے کیا ذمہ داری دیتے ہیں، سردار تنویر الیاس

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)آزاد کشمیر الیکشن پر جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گن پوائنٹ پر الیکشن ہوتے ہیں اور ٹرن آوٹ بہت کم ہوتا ہے جبکہ اس کے برعکس آزاد کشمیر میں چند ناخوشگوار واقعات پیش آئے مگر ووٹرز بہت زیادہ باہر نکلے آج بعض حلقوں میں ٹرن آؤٹ60 فیصد کے قریب ہوگا ،لوگ حکمراں جماعت کے ساتھ اس لئے جاتے ہیں کہ ان کے سارے کام وہیں ہوتے ہیں۔

نتائج توقع کے مطابق آرہے ہیں،سردار تنویر الیاس (پی ٹی آئی) نے کہاکہ وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ وہ کسے کیا ذمہ داری دیتے ہیں۔ مجھے جو بھی ذمہ داری دیں گے اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے میں پہلے بھی پنجاب میں کام کر رہا ہوں میں ان کے ٹیم ممبر کے طور پر کام کر رہا ہوں جو مجھے کام دیا گیا میں نے ڈیلور کیا ہے۔ 

مسلم لیگ نون نے مجھے راولپنڈی اسلام آباد کی حلقہ میں سے بارہ مرتبہ آفر کی اور زور بھی دیا کہ میں ان کی طرف سے الیکشن لڑوں اور کہا کہ آپ کی ایک پائی نہیں لگے گی الیکشن لڑ لیں یہ 2012 کی بات ہے ۔

پی ٹی آئی کو کبھی فنڈ کیا ہے اس کے جواب میں کہا کہ فنڈ کی بات نہیں ہے جہاں تک ملاقات کا تعلق ہے وزیراعظم اور منسٹری مشورے کے لیے بزنس مینوں سے بات کرتے ہیں ۔ہمارا سارا بزنس پاکستان کے اندر ہے جہاں تک میرے اثاثوں کا تعلق ہے اس میں ہم بالکل کلیئر ہیں۔

اثاثے زبانی نہیں جانتا کتنے ہیں لیکن بہت زیادہ ہیں ملٹی بلینئر ہوں میں چھپانے والی بات نہیں ہے اثاثے اربوں میں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی آج بچہ بچہ یہی کہتا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان کے پرچم میں شہید ہوتے ہیں ہم سمجھتے ہیں پاکستان ادھورا ہے کشمیر کے بغیر اور کشمیر ادھورا ہے پاکستان کے بغیر۔

جماعت اسلامی کے عبدالرشید ترابی جن کا بڑا نام ہے آزاد کشمیر کی سیاست میں ان کے ساتھ ہمارا اتحاد ہوا ہے لیکن ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر بات نہیں ہوئی ہے لیکن ترابی صاحب کی آئندہ حکومت میں ذمہ داریاں ہوسکتی ہیں کشمیر کے حوالے سے انہوں نے بہت تعاون کیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وہ احتجاج کر رہے تھے جب کہ ہمارے پاس خبریں آئی ہیں اس میں بتایا گیا ہے کہ عطا تارڑ اور ان کے ساتھ جو کارکنان ہیں انہوں نے پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیں تھانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ 

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر ، عبدالرشید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے دوران پیش آنے والے تشدد کے واقع پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہوں بدقسمتی سے یہ واقعہ رونما ہوگیا تھا اس طرح کا واقعہ رونما نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ابھی تک کسی سیاسی جماعت کی جانب سے تحریری طور پر براہ راست کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔ 

سینئر صحافی مظہر عباس نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی طور پر لوگ بہت باشعور ہیں مجھے نہیں سمجھ آیا کہ اس انتخابات میں اتنا چارجڈ ماحول کیوں تھااس الیکشن کی اتنی ہائپ کیوں بنائی گئی۔پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں واضح طو رپر لیڈ کررہی ہے ۔

لوگ حکمراں جماعت کے ساتھ اس لئے جاتے ہیں کہ ان کے سارے کام وہیں ہوتے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اگر دھاندلی کے الزامات لگاتی ہیں تو ان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہونا چاہئیں ۔

عمران خان کی حکومت کے آنے کے بعد آزاد کشمیر میں ٹور ازم انڈسٹری تیزی سے ابھر پائے گی۔ تجزیہ کار ارشاد محمودنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو نتائج آرہے ہیں میری یہی توقع تھی پہلے آزاد کشمیر میں صرف دو جماعتیں ہوتی تھیں جن میں کانٹے کا مقابلہ ہوتا تھا۔ اس مرتبہ تین جماعتیں موجود تھیں تینوں جماعتوں نے بہت محنت کی اور تینوں کی لیڈر شپ بھی انتخابی مہم میں پوری طرح ملوث ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ انڈیا ٹو ڈے نے آج آرٹیکل لگایا کہ عمران خان کو آزاد کشمیر میں نہیں جیتنا چاہئے کیونکہ اگر وہ وہا ں جیتیں گے تواس مقبوضہ کشمیر کی سیاست پر برا اثر پڑے گا۔کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے بعد کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ایک نئی جلا ملے گی۔اس کے علاوہ مسلم کانفرنس وہ واحد جماعت ہے جس کو اتحاد ی جماعت کے طور پر غور کیا جاسکتا ہے۔ 

سینئر صحافی افضل بٹ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے الیکشن کو میں دوسرے تناظر میں بھی دیکھنا چاہتا ہوں پاکستان میں پوری دنیا کے سفارت کار موجود ہیں وہ دونوں اطراف کا جائزہ لیں ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں گن پوائنٹ پر انتخابات کرائے جاتے ہیں ہندوستان کی پوری مشینری وہاں ملوث ہوتی ہے اس کے باوجود وہاں ٹرن آؤٹ دو تین فیصد تک جاتا ہے۔ اس کے برعکس آزاد کشمیر میں چند ناخوشگوار واقعات پیش آئے مگر ووٹرز بہت زیادہ باہر نکلے آج بعض حلقوں میں ٹرن آؤٹ60 فیصد کے قریب ہوگا۔ 

رہنما ن لیگ، مریم اورنگزیب نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ عطا اللہ تارڑ اور ہمارے کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔یہ کس قسم کی لاقانونیت اور اوچھے ہتھکنڈے ہیں یہ کس قسم کا فاشزم ہے جو اس وقت ملک پر مسلط ہے۔ 

رہنما ن لیگ، راجا فاروق حیدر نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے عمران خان اور ان کے وزرا جس طریقے سے آزاد کشمیر میں حملہ آور تھے اس نے خرابی پیدا کرنی تھی۔کچھ نشستیں ایسی تھیں جہاں پی ٹی آئی کو جتوایا گیا ہے ۔آزاد کشمیر میں جتنا اسٹاف تعینات کیا گیا ہے پنجا ب حکومت کا ہے۔میں اپنے ایک حلقے سے جیت رہا ہوں۔ن لیگ حکومت نے دوسری پارٹی کا کوئی امیدوار نہیں توڑا۔ 

سینئر صحافی سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے یہ ریت پڑی ہے کہ جو کچھ دھاندلی ہوتی ہے یا الیکشن سے متعلق جو شکوک جنم لیتے ہیں۔ وہ قبل از انتخابات جو سیاسی انجینئرنگ ہوتی ہے اور ووٹنگ ہونے کے بعد جو گنتی کا مرحلہ ہوتا ہے وہ شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔

آزادکشمیر کے پاس نہ انتظامی خود مختاری ہے نہ مالی خود مختاری ہے ان کو سیفران کی مد میں سے فنڈز جاری کئے جاتے ہیں ان کا اپنا چیف سیکریٹری اور آئی جی نہیں ہوتا ہے ۔جب پہلے ہی شکوک و شبہات ہیں تو انتخابات کے نتائج جلدی آنا چاہئے تھے۔

تازہ ترین