• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنید خان نے اپنا گانا ’’تقدیر‘‘ تشدد کے شکار افراد کے نام کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )باصلاحیت اداکار اور گلوکار جنید خان نے7 سال کے وقفےکے بعد اپنا نیا سولو گانا ’تقدیر‘ ریلیز کر دیا ہے۔ تقدیر سات سال قبل ریلیز کیے گئے سنگل ’کوئی روکے مجھے‘کے بعد جنید خان کا پہلا سولو گانا ہے، جس کے رائٹر اور پروڈیوسر خود جنید خان ہیں جبکہ سرمد غفور نے اس کا میوزک کمپوز کیا ہے ۔ گانے کی ویڈیو کی ہدایات اسہار عظمت نے دی ہیں۔ ڈائریکٹر اسہار عظمت خود بھی اس ویڈیو کا حصہ ہیں جبکہ ان کے علاوہ جنید خان، شیریں افتخار اور شعلت بٹ بھی اس ویڈیو میں دکھائی دے رہے ہیں۔ گا نے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ ’ میں جو کچھ دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہوں وہ صرف ایک گانا نہیں بلکہ جذبات کا ایک سمندر ہے ۔ میں اپنی موسیقی کے ذریعے گھریلو تشدد کو اجاگر کرنے کیلئے واپس آیا ہوں جو ہمارے معاشرے میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ گانا اس یقین کے ساتھ تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے نام کرتا ہوں کہ ہر برائی کے بعد اچھائی اور ہر مشکل کے بعد آسانی آتی ہے۔‘جنید خان نے اپنی اداکاری کے کریئر پر توجہ دینے کیلئے گلوکاری سے کچھ وقت کیلئے وقفہ لیا تھا، اور ناظرین انہیں آج کل جیو انٹر ٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے سیونتھ اسکائی کے شہکار ’خدا اور محبت ‘ میں دیکھ سکتے ہیں۔’تقدیر‘ اب تمام پلیٹ فارمز پر ناظرین کیلئے موجود ہے جبکہ اس گانے کی ویڈیو کو خصوصی طور پر جنید خان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا ہے۔

تازہ ترین