• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’کھیل کھیل میں‘ بلال عباس خان اور سجل علی مرکزی کردار ادا کرینگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ہر دل عزیز پاکستانی اداکار بلال عباس خان فلم والا پکچر کی جانب سے تیار کردہ فلم "کھیل کھیل میں " مرکزی کردار کے طور پر سینما گھروں میں جلوہ گر ہونے کے لئے تیار ہے۔ متفرق فلمی ستاروں پر مشتمل اس فیچر فلم میں بلال عباس خان اور سجل علی مرکزی کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ جبکہ انڈسٹری کے تجربے کار اداکارجاوید شیخ ،سمینہ احمد ، مارینہ خان اور منظر صہبائی بھی فلم میں اپنے اہم کردار ادا کریں گے۔ فلم کی موسیقی شانی ارشد، شجاع حیدر اور اسرار شاہ جیسے بڑے ناموں نے ترتیب دی ہے۔ فلم میں تاریخی واقعات کو ایک نئے اور دل گرما دینے والے انداز میں پیش کیا جائے گا۔ فلم کی نمائش سینما گھروں میں بہت جلد ہونے والی ہے۔ فلم والا پکچرز کی چیف آپریٹنگ آفیسر فضا علی مرزا کا کہنا ہے کہ فلم’’ کھیل کھیل میں‘‘ بنانے کا مقصد اپنی نوجوان نسل کو تاریخ ساز واقعات ایک نئے اور دلچسپ انداز میں دکھانا ہے تاکہ وہ ان کو یاد رکھ سکیں اور ان سے سبق حاصل کر سکیں۔ ہمیں امید ہے کہ لوگ اسے پسند کریں گے اور فلم دیکھنے کے بعد سینما گھروں سے نکلتے وقت تفریح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو باخبر بھی پائیں گے۔ڈائریکٹر نبیل قریشی نے کہا کہ ہم اس فلم کو سینما کے پردوں پر پیش کرنے کے لیئے انتہائی پرجوش ہیں، ہماری پوری ٹیم نے اس پر بہت محنت کی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ لوگ پسند کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے سبق بھی حاصل کریں گے۔فلم ’ کھیل کھیل میں‘ کے موشن پوسٹر ریلیز ہونے سے قبل بلال عباس خان آخری مرتبہ مہرین جبار کی ہدایت کردہ ویب سیریز ’ ایک جھوٹی لو سٹوری ‘میں جلوہ گر ہوئے تھے جوکہ گزشتہ سال ذی فائیو کے پلاٹ فارم سے دنیا بھر میں ریلیز کی گئی تھی۔

تازہ ترین