کابل (جنگ نیوز) امریکا کے افغان مشن کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی نے کہاہے کہ طالبان کی فتح حتمی نہیں ، سیاسی حل اب بھی ممکن ہے ، میرا نہیں خیال کہ طالبان شہری علاقوں پر قبضہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ امریکی کمانڈر کی اتوار کو کی گئی پریس کانفرنس کی مزید تفصیلات کے مطابق جنرل میکنزی نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں افغان حکومت سخت امتحان کا سامنا کرنا پڑے گا، طالبان یہ احساس جتانے کی کوشش کررہےہیں کہ وہ ناگزیز ہوگئے ہیں لیکن طالبان کی فتح حتمی نہیں ، سیاسی حل اب بھی ممکن ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد طالبان کارروائیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے اور اس بار وہ زیادہ آبادی والے شہری علاقوں کو نشانہ بنائیں گے تاہم طالبان کو دوبارہ پہلے جیسے اقتدار میں آنے کیلئے ڈیلز کرنا پڑیں گی ، میرا نہیں خیال کہ یہ حتمی سوچ ہے کہ طالبان شہری علاقوں پر قبضہ کرنے کے قابل ہوں گے ۔ امریکی کمانڈر نے مزید کہا کہ افغان فورسز کی درخواست پر طالبان کے خلاف حملے اور بمباری تیز کردی ہے، طالبان نے حملے جاری رکھے تو پھر امریکا بھی بمباری میں تیزی کو برقرار رکھے گا۔