• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقی حکمرانی کے بغیر قوم مطلوبہ اہداف سے دور رہے گی‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے اپنے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلطنت عمرانیہ نے اپنی نااہلی چھپانے کے لئے چوہدریوں کی لیبارٹری کا تیار کردہ فارمولا مٹی پائو اپنا لیا ہے۔ کرنٹ اکائونٹ میں 1.8بلین ڈالر کا ریکارڈ خسارہ اس عمل کی چھوٹی سی مثال ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 29فیصد کمی، گردشی قرضوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلسل اضافہ، معیشت کی بڑھتی ہوئی زبوں حالی، عام شہری کا بے روزگاری اور مصنوعی مسلط کردہ مہنگائی کے ہاتھوں زندہ درگور کردیاجانا ، گیس بجلی پانی اور پٹرولیم مصنوعات کا ناپید ہونے کے باوجود ان کی قیمتوں میں ایک تسلسل کے ساتھ اضافہ اشیاء ضروریہ خاص طور پر اشیائے خوردونوش کی عام آدمی کی پہنچ سے دور کردیا جانا اور مسلسل یہی ڈھول پیٹنا کہ دیگر ممالک کی نسبت ان اشیاء کی قیمتیں بہت کم ہیں۔ ہر چند ماہ کے بعد منی بجٹ قوم پر مسلط کیا جانا بڑھتی ہوئی بھوک افلاس کے ہاتھوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا لاقانونیت کی جانب راغب ہونا گرین بیلٹ کے عوام کو سبز باغ دکھا کر ان کے حصے کے پانی پر ڈاکہ ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کے بعد ان کی جیبوں پر لگائے گئے چھیدوں میں مزید اضافہ اہم قومی اداروں پر خسارے کا لیبل لگا کر ان کی لوٹ سیل ، اپنی ناک کے نیچے ہونے والی تاریخ ساز کرپشن سے بے خبری قوم تبدیلی سرکار کے ان انوکھے کارناموں کو گنتے گنتے تھک گئی۔ صادق عمرانی نے کہا کہ مسلط کردہ سیاست اپنا رنگ دکھانا شروع ہوچکی ہے ہر چہرہ سوالیہ نشان بن چکا ہے کہ آخر کب تک ان لاحاصل تجربات کا تسلسل قائم رہے گا اور یہ تجرباتی عناصر کب تک پیراسائیڈوں کی طرح قوم کا خون چوستے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہور کی سربلندی میں ہی قوم کا روشن مستقبل پنہاں ہے عوام کی حقیقی حکمرانی کے بغیر قوم یونہی اپنے مطلوبہ اہداف سے دور رہے گی۔
تازہ ترین