• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی پہلی کامیابی، ن لیگ سے اس کی نشست چھین لی، 17 ہزار ووٹوں سے ہاری نشست 7 ہزار سے جیت لی

پنجاب، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی پہلی کامیابی


لاہور،سیالکوٹ(مقصود اعوان،نمائندہ جنگ، جنگ نیوز )پنجاب میں ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی پہلی کامیابی، ن لیگ سے اسکی نشست چھین لی،پی ٹی آئی نے 17ہزار ووٹوںسے ہاری نشست 7ہزار سے جیت لی۔

ن لیگ کی مضبوط ترین تصورکی جانیوالی پی پی38کی نشست پر PTIکے احسن سلیم بریارنے60588،لیگی امیدوار طارق سبحانی نے 53471 ووٹ حاصل کئے،دونوں جماعتوں کے حامیوں میں ہاتھاپائی بھی ہوئی۔شکست پر ن لیگ کےرہنما جاوید لطیف نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے دھاندلی کی اور آزادکشمیر والی روایت دہرائی۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا انتخابات میں مودی کے معاون بیانیے کوشکست ہوئی،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حلقے سے استحصال کاخاتمہ ہوا،نیا اور ترقی یافتہ پی پی 38قوم کو مبارک ہو۔

تفصیلات کے مطابق پی پی 38سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات میں سب سے بڑا اپ سیٹ ہوا۔ وزیرآباد، ڈسکہ اوربھکر کے ضمنی انتخابات میں اپنی سیٹیں بچانے والی مسلم لیگ (ن)سے سیالکوٹ پی پی 38کی نشست چھن گئی جو مسلم لیگ (ن) کی مضبوط ترین نشست تصور کی جاتی تھی۔

2018ءکے انتخابات میں چودھری خوش اختر سبحانی یہاں سے 57ہزار636ووٹ حاصل کرکے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے لیکن ان کے انتقال کے بعد گذشتہ روز ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار طارق سبحانی صرف 53471 ووٹ حاصل کرسکے۔ اس کے برعکس گذشتہ روز حکمران جماعت کے امیدوار احسن سلیم بریار60588ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ 

دوسری جانب سیالکوٹ میں بارش کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے آئی، اس دوران سیاسی کارکنوں میں تلخ کلامی کے کچھ واقعات بھی رونما ہوئے۔پولنگ سٹیشن وارڈ 122 اور 123 پر تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی ۔پولنگ سٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں رینجرز نے مشتعل کارکنان میں بیچ بچائوکرایا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں اور رینجرز نے صورتِ حال پر قابو پا لیا اور پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔حلقہ پی پی 38 میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 422 ہے، جن کے لئے 165 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے۔ 

حلقہ میں مردوں کیلئے 262 اور خواتین کیلئے 225 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔ پی پی 38سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد حکمران جماعت کی صوبائی اسمبلی پنجاب میں نشستوں کی تعداد 181سے بڑھ کر182ہوگئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)کی تعداد165سے کم ہوکر164رہ گئی ہے۔

ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہاپی ٹی آئی نے سیالکوٹ میں آزادکشمیرکی رایت پھردہرادی، ہم ہارے نہیں ہمیں ہرایاگیا، انتخابات میں دھاندلی کی گئی۔ 

تازہ ترین