• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیدنا عثمان غنی ؓکے یوم شہادت 18 ذوالحج پر عام تعطیل کی جائے،عمر توحیدی

اولڈہم (پ ر)پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ شرم و حیاء سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کا طرہ امتیاز تھا، آپ عشرہ مبشرہ میں شامل ان چار صحابہ کرامؓ میں سے ایک ہیں جنہیں اسلام میں سبقت کا شرف، جنت کی بشارت اور خلافت راشدہ کا منصب حاصل ہے۔ آپؓ کو آقائے نام دار صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دہری دامادی کی فضیلت بھی حاصل ہے،آپ انتہائی بردبار اور نہایت حلیم الطبع شخصیت کے مالک تھے۔ وہ 18ذوالحجہ یوم شہادت حضرت عثمان غنی کی شہادت کے حوالے سے قصر عمر اولڈہم میں ایک نشست میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آپؓ اوصاف حسنہ کے مالک اور علوم اسلامیہ میں مجتہدانہ بصیرت کے حامل تھے آپ کا عہد خلافت بارہ سال پر محیط ہے جس میں آپؓ نے نہ صرف اس کی حدود 44 لاکھ میل تک وسیع کروائیں بلکہ اپنی تمام رعایا کی دینی اور دنیاوی فلاح و بہبود کا بھر پور خیال رکھا مملکت کا نظم انتہائی تقوی و دیانت اور اعلیٰ عدل و انصاف کے ساتھ چلایا اور یہاں تک اعلان فرمایا کہ جسے مجھ سے یا میرے عمال سے کوئی شکایت ہو وہ حج کے موقع پر مجھ سے ملے اور اپنا بدلہ لے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسلام دشمنوں کو اسلامی سلطنت کی یہ وسعت اور امن و ایمان ایک آنکھ نہ بھایا اور کئی سال کی خفیہ سازشوں کے بعد انہوں نے شرپسند تبرہ بازوں کا ایک جتھ تیار کر لیا جو امیر المومنین کی معزولی یا قتل کا مطالبہ کرنے لگے تمام تر اختیار اور قوت کے باوجود حضرت عثمان نے حرمت مدینہ اور خون مسلم کے احترام کے پیش نظر چشم پوشی سے کام لیا اور اپنی جان تو قربان کر دی لیکن حضور کا شہر خون مسلم سے داغ دار نہ ہونے دیا۔عمر توحیدی نے کہا کہ آج کے اس دور میں حضرت عثمان جیسے اسی کردار حلم و قار اور عدل و انصاف کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس موقع پر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سیدنا عثمان غنی کے یوم شہادت 18 ذوالحجہ پر عام تعطیل کر کے ملک بھرمیں ٹی وی اور ریڈیو پر سیمینارز اور پبلک مقامات پر کانفرنسیں منعقد کرے تاکہ نوجوان نسل کے قلوب و اذہان تاجدار ختمِ نبوت کے اس پھول کی خوشبو سے معطر ہو سکے۔
تازہ ترین