• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہیدعثمان کاکڑ کی قومی خدمات پشتون قومی تحریک کیلئےمشعل راہ ہیں ، پشتونخوامیپ

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملی اتل ملی شہید محمد عثمان کاکڑ کی فکر وسوچ،جدوجہد ، قربانیاں اور قومی خدمات پشتون قومی تحریک کیلئے ہمیشہ مشعل راہ ہیں ، استعماری قوتوں کے ہاتھوں ان کی شہادت ہمارا عزم کمزور نہیں کرسکتی بلکہ اپنی تحریک کو ہر سطح پر مزید وسیع فعال اور منظم کرتے ہوئے جاری جدوجہد کو مزید تیز کرینگے اور قومی اہداف کی تکمیل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری خوشحال خان کاسی ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری رحمت اللہ صابر ، سابق ناظم محمد زمان خان کاکڑ ، ضلعی معاون باز پشتون ، علاقائی سیکرٹریز عبدالخالق کاکڑ ، نور محمد خان ، عزیز اللہ ، ملک فرید کاکڑ ، عبدالفیاض ، حاجی ابراہیم عیسیٰ خیل اور عبدالولی احساس نے کرانی علاقائی کمیٹی ، ہزارہ ٹاؤن علاقائی کمیٹی ، کوٹوال علاقائی کمیٹی اور ترین شار میں عوامی جرگے سے خطاب کرتے میں کیا۔ جبکہ ترین شار میں جرگے سے پہلے قرآن خوانی اور بعد میں خیرات تقسیم کی گئی ۔ اجلاسوں میں ضلع کوئٹہ کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف فیصلے کئے گئے اور کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت سے لیکر عثمان خان شہید کی شہادت تک پشتونخوامیپ نے پشتونخواوطن کی وحدت ، ملی تشخص کی بحالی ، قومی خودمختارصوبے کی تشکیل ، اس میں عوام کے جمہوری اقتدار اور وسائل پر قومی کنٹرول اور عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ہے ۔ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام ، آئین وقانون کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، قوموں کی برابری اور افغانستان میں مداخلت کے خاتمے اور امن کے قیام کے بیانیہ کے تحت قربانیوں سے لبریز جدوجہد کو دوام دیا ہے اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے ان قومی اہداف کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔ اور اب ملی شہید کے ارمانوں کی تکمیل کیلئے پارٹی عہدیداروں او رکارکنوں نے اپنی تحریک کو ہر سطح پر وسیع کرتے ہوئے اپنے عوام کو متحد ومنظم کرنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا ۔ اور تحریک کو ہر سطح پر فعال کرتے ہوئے مزید منظم کرکے جدوجہد میں تیزی پیدا کرنا ہوگی۔
تازہ ترین