• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے دلیپ کمار کی زبردست مگر مشروط تعریف کی، نصیر الدین شاہ

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کے سینئر اداکارنصیر الدین شاہ نے اس ماہ کے اوائل میں لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال کے تین دن بعد بھارتی اخبار میں ایک مضمون میں دلیپ کمار کے بارے میں کچھ تنقیدی باتیں لکھی تھیں جس پر نصیر الدین شاہ کو سوشل میڈیا پر مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی بات پر قائم ہیں۔نصیر الدین شاہ نے دلیپ کمار کے بارے میں ایک مضمون میں لکھا تھا ’انہوں نے اداکاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔‘نصیر الدین شاہ نے لکھا تھا کہ یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ دلیپ کمار نے فلمی دنیا میں اپنی لیجنڈری حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف انداز کی فلمیں بنانے کی کوشش نہیں کی بلکہ گھسے پٹے کردار ادا کرتے چلے گئے، حالانکہ وہ چاہتے تو کسی بھی ہدایت کار یا سرمایہ کار سے اپنی مرضی کا پروجیکٹ منظور کروا سکتے تھے۔نصیر الدین شاہ کے اس بیان پر خاصی تنقید ہوئی تھی۔ ٹوئٹر پر راکیش سنہا نے لکھاکہ ’نصیر الدین شاہ ہندی سینیما کے ’ہمنوا‘۔ وہ اپنی جھلاہٹ اتارنے کے لیے دلیپ کمار جیسے آئیکان کو کہتے ہیں کہ انہوں نے محفوظ کھیلا۔اب نصیر الدین شاہ نے ’اسپاٹ بوائے‘ نامی ویب سائٹ پر وضاحت دی ہے کہ جو لوگ دلیپ کمار کے بارے میں میری تحریر پر برہم ہوئے ہیں وہ اگر پورا مضمون پڑھتے تو انہیں معلوم ہوتا کہ میں نے ان کی اداکاری کی زبردست، مگر مشروط، تعریف کی تھی۔’میں نے ان کے بارے میں جو کہنا تھا وہی کہا اور اگر میرا مطلب کچھ اور ہوتا تو میں وہ نہ کہتا جو کہا۔‘نصیر الدین شاہ نے صرف ایک فلم میں دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا، جس کا نام ’کرما‘ تھا۔اس زمانے میں میڈیا پر خبریں آئی تھیں کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان اختلاف پیدا گئے تھے، تاہم اب نصیر الدین شاہ نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب کچھ میڈیا کی اختراع تھی۔

تازہ ترین