• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

LNG، حکومت کی نااہلی، فیصلوں میں تاخیر، امسال بھی اربوں کا نقصان


کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان شاہزیب خانزادہ نے ایل این جی کی خریداری کے حوالے سے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور فیصلوں میر تاخیر کی وجہ سے امسال بھی ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوگیا ہے اور آگے مزید نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

شاہزیب کا کہنا تھا کہ اب کرائوڈ پلر مریم نواز ہیں مگر پارٹی کی انتظامی مشینری شہباز شریف کے پاس ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف کے استعفے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ این سی او سی کے فیصلے کے تحت ہفتہ اتوار چھٹی ہوتی ہے لہٰذا لاک ڈاؤن صرف پانچ دن کا ہے۔

چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے اصل اسٹیک ہولڈرز دکانداروں سے بات کرے۔

پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت نے بڑا اقدام کیا ہے، کل سے نو دن تک سندھ بھر کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی

غیرضروری آمدورفت پر پابندی ہوگی، شہری گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گے، انتہائی ضرورت کے تحت باہر آنے والے کے پاس ویکسی نیشن کارڈ اور شناختی کارڈ ہونا لازمی ہوگا، تمام امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں

کراچی میں ایک بار پھر تقریباً پندرہ سولہ مہینے پہلے والی صورتحال ہوگئی ہے جب کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی بار شہر میں لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا، اس بار ان تمام پابندیوں کی وجہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویرینٹ بنی ہے جس نے حال ہی میں بھارت میں تباہی مچادی تھی۔

شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ اختلاف کی خبروں کے بعد اب شہباز شریف کی پارٹی صدارت چھوڑنے کی دھمکی کی خبریں سامنے آرہی ہیں،

ن لیگ کو اب براہ راست اندرونی اختلافات کی قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز گروپ کے آپس کے اختلافات کے اب پارٹی پر براہ راست اثرات پڑنا شروع ہوگئے ہیں، وہ ن لیگ جو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر کامیابی حاصل کررہی تھی اب اسے شکست کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ شاہزیب خانزاد کا کہنا تھا کہ 2017ء میں نواز شریف کی نااہلی اور اب بیرون ملک ہونے کے بعد ن لیگ میں یونٹی آف کمانڈ باقی نہیں رہی ہے

پہلے خود نواز شریف کراؤڈ پلر تھے، وہی بیانیہ بناتے تھے اور وہی پارٹی کے انتظامی معاملات کا فیصلہ کرتے تھے، انہی کے احکامات کے تحت شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر رہنما پارٹی کی الیکشن مشینری اور انتظامی معاملات دیکھتے تھے، اب کراؤڈ پلر مریم نواز ہیں

مقبولیت ان کے پاس ہے مگر پارٹی کی انتظامی مشینری بطورپارٹی صدر شہباز شریف کے پاس ہے، واضح ہورہا ہے کہ شہباز شریف پارٹی کا مکمل کنٹرول اور اپنی سیاسی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ن لیگ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں شہباز شریف کو مریم نواز کی مزاحمت کا سامنا ہے۔

تازہ ترین