• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام ہسپتالوں میں انفراسٹرکچر کوبہتر بنایاجائیگا،سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ

لاہور(خصوصی نمائندہ)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب محمد عامر جان نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری صحت محمد عامر جان نے وہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں HVAC اے سی سسٹم کی اپ گریڈیشن اور ہر قسم کی مشینری کو دو ماہ کے اندر مکمل طور پر فنکشنل کیا جائے گا۔انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ مریض جدید طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔تمام میڈیکل سپرنٹینڈنٹس کو دو ماہ کے اندر ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی ادویات کی پرچیز، پارکنگ، کینٹین، اور دیگر امور میں کسی مافیا کو نظام ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہسپتالوں کے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی بھرپور پیروی کرکے سٹے آرڈرز ختم کروائے جائیں گے تاکہ تمام معاملات کو شفاف طریقے سے چلایا جاسکے۔محمد عامر جان نے کہا کہ اگلے 10 دنوں میں محکمہ صحت کی ٹیم ٹیچنگ ہسپتالوں میں گزشتہ 3 سالوں کی ادویات کی خریداری کا ڈیٹا اکٹھا کرکے اسکی مانیٹرنگ اور ایویلیو ایشن کرکے رپورٹ مرتب کرے گی ، سیکرٹری صحت نے کہا کہ پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، سینئر رجسٹرارز اور نرسنگ سٹاف کی کمی کو ایک ماہ کے اندر پورا کیا جائے گا محمد عامر جان نے کہا کہ جناح ہسپتال کا ماہانہ بجلی کا بل ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے ہوتا ہے ۔ قبل ازیں سیکرٹری صحت کی ہسپتال آمد پر انچارج پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیب عباس اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یحییٰ سلطان نے استقبال کیا اور ہسپتال اور میڈیکل کالج کی ورکنگ اور جاری و مکمل کیے گئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔
تازہ ترین