• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم استحصال کشمیر، بھارت کے جبری قبضے کے خلاف مقبوضہ کشمیر مکمل بند، پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج

یوم استحصال کشمیر، مقبوضہ کشمیر مکمل بند، دنیا بھر میں احتجاج


اسلام آباد(ایجنسیاں)آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی زیرتسلط کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے 5اگست 2019کو اٹھائے گئے یکطرفہ اقدام کے خلاف ’’یوم استحصال کشمیر‘‘منایا۔ ملک بھرمیں ریلیاں‘تقریبات کا انعقاد کیاگیا‘اس موقع پر صبح 9بجے ایک منٹ کے لئے ٹریفک روک دی گئی جبکہ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام نے یوم سیاہ منایا ، مکمل ہڑتال کی اور سول کرفیو نافذ کیا۔ مقبوضہ علاقے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔مظفرآبادمیں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے بھارتی جھنڈا اور مودی کاپتلانذر آتش جبکہ انڈیا کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ ہائوس سے ڈی چوک تک یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی کی قیادت کی جس میں وفاقی وزرا چوہدری فواد حسین، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید احمد، اعظم سواتی ، شبلی فراز، عمر ایوب سمیت اراکین پارلیمنٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ وزارت خارجہ سے بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی جو ڈی چوک میں صدر مملکت کی زیر قیادت نکالے جانے والی ریلی میں شامل ہو گئی۔ ریلی کے شرکا نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ 5 اگست 2019 کے اقدام کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کشمیر کیلئے ہم نے چار جنگیں لڑیں، بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی، پاکستان کے عوام کشمیریوں کیلئے لہو دے چکے ہیں ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کے غیر قانونی اقدام کو مسترد کرتی ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یوم استحصال کشمیر کے حوالہ سے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سمیت مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 

تازہ ترین