• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم استحصال کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا چاہئے تھا، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان سارہ الیاس کے پہلے سوال کشمیر پر بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے پاکستان کیا کرسکتا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے ہمیں باہمی اختلاف کو ختم کرنا چاہئے

ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ نذیر چوہان کی ترین گروپ سے علیحدگی پر فیصل واوڈا کا دعویٰ درست ثابت ہوگیا ہے۔ مظہر عباس نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے ہمیں سب سے پہلے اپنے باہمی اختلاف کو ختم کرنا چاہئے، وزیراعظم اور حزب اختلاف کو آج یوم سیاہ کشمیر کے موقع پرایک ساتھ مارچ کرنا اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا چاہئے تھا

وزیراعظم عمران خان نے بھرپور انداز میں مختلف عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ پیش کیا ہے لیکن یہی سب کچھ نہیں ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پیش کرنے کیلئے ہم نے وہ محنت نہیں کی جیسی کرنی چاہئے، پاکستان نے کشمیر کا اچھا مقدمہ لڑا ہوتا تو دنیا میں کچھ ممالک تو آج آپ کے ساتھ کھڑے ہوتے

دنیا میں بھارت کی جمہوریت، سیکولرازم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ایکسپوز ہوئی ہیں لیکن یہ کام کشمیریوں نے کیا ہے۔شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے مختلف عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر بھارت پر تنقید کے بجائے حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتی رہی

حکومت اور حزب اختلاف کو ایک دوسرے پر الزام لگانے کے بجائے ذمہ داری بھارت پر ڈالنی چاہئے اور ڈپلومیسی مزید فعال کرنی چاہئے۔

تازہ ترین