• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز نئے ہفتے کے آغاز میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ہنڈرڈانڈیکس 261پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 36234.99پوائنٹس کی ریکارڈ بلندی پر بند ہوا۔اسٹاک ایکسچینج میں یہ رجحان گزشتہ ہفتے سے جاری ہے جس کے اختتام پر جمعرات کو ہنڈرڈ انڈیکس 36000 پوائنٹس تک پہنچا تھا۔یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ اس مثبت صورت حال میں بڑا حصہ غیرملکی سرمایہ کاری کا ہے جو پاکستانی معیشت پر بین الاقوامی اظہار اعتماد کا کھلا ثبوت ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق بجٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے حوصلہ افزاء اقدامات بازار حصص کو مزید اوپر لے جانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا یہ رجحان ایسے وقت میں دیکھا جارہا ہے جب اگلے ماہ کے وسط میں پاکستانی بازار حصص کی درجہ بندی کیلئے مارگن اسٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کا سالانہ مارکیٹ کلاسیفکیشن ریویو ہونے جارہا ہے اور مبصرین کے مطابق ایم ایس سی آئی میں پاکستان کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔ملک کے سیاسی حالات میں مسلسل ہلچل کے باوجود قومی معیشت کا یہ استحکام نہایت امید افزء اور اطمینان بخش ہے۔ موجودہ حکومت کی معاشی حکمت عملی ٹھوس بنیادوں پر استوار کی گئی ہے۔قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ ملک کی سیاسی طاقتیں بھی اپنے باہمی اختلافات کو جمہوری حدود میں رکھنے کا اہتمام کریںتاکہ ان کے نتیجے میں ملک افراتفری اور عدم استحکام کا شکار نہ ہو۔ حکومت اور حزب اختلاف دونوں آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام اختلافی امور کو بات چیت سے طے کرنے کو یقینی بنائیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ معاشی حکمت کاروں کو بھی منصفانہ معاشی نظام کے قیام کے ذریعے خوشحالی کو کل آبادی کے مقابلے میں محض دو چار فی صد دولت مند طبقوں تک محدود رکھنے کے بجائے عوام کی بھاری اکثریت کے روز و شب کی تلخیاں دور کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں۔
تازہ ترین