کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،منافع بخش سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی تیزی ، کے ایس ای100انڈیکس 54 پوائنٹس بڑھ گیا ، 47.32 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ، سرمایہ کاری مالیت بھی 18ارب 59 کروڑ 9 لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم کاروباری حجم میں 0.9 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ، تفصیلات کے مطابق بعض سرمایہ کاروں نےمنگل کو چند منافع بخش سیکٹرز میں خریداری کی جس سے مارکیٹ میں اتار چڑھاو کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی ،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس47596 پوائنٹس تک پہنچ گیا تاہم اختتام سے پہلے منافع کی خاطر فروخت بڑھنے سے کے ایس ای100انڈیکس 54.04 پوائنٹس کے اضافے سے 47419.74 پوائنٹس پر آکر بند ہوا ، کے ایس ای30انڈیکس بھی 32.56 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 18995.31 پوائنٹس سے بڑھ کر 19027.87 پوائنٹس ہو گیا ، جبکہ آل شیئرز انڈیکس 72.65پوائنٹس کے اضافے سے 32394.47 پوائنٹس پر آگیا ، منگل کو مارکیٹ میں مجموعی طور پر 524 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، 248 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 244 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 32 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 18 ارب 59 کروڑ 9 لاکھ 37 ہزار کے اضافے سے 8290ارب 42 کروڑ، 76 لاکھ 69 ہزار روپے ہو گئی ،کاروباری حجم پیر کی نسبت 38 لاکھ 13ہزار شیئرز کی کمی سے 37 کروڑ 88 لاکھ 32 ہزار شیئرز ہو گیا ، کاروباری حجم کے لحاظ سے ٹیلی کارڈ، غنی گلوبل ہو لڈنگ ، بائیکو پیٹرولیم ، ٹریٹ کار پوریشن ، اور پاک الیکٹرون سر فہرست رہے ، سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت یونی لیور فوڈ اور رفحان میز کے شیئرز کی بڑھی جو 849.00 اور 249.00 روپے فی شیئرز تھی۔