• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے پھیلاؤ کے باعث یورپین ٹریول میپ میں بیلجیئم کا رنگ سرخ ہوگیا ہے۔

یہ ٹریول میپ یورپین سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول (ECDC) کا تیار کردہ ہے جس کا مقصد سیاحتی اور دیگر وجوہ سے آمدورفت کے پیش نظر اس علاقے میں کورونا کے پھیلاؤ کا مشاہدہ کرنا ہے تاکہ یورپین ادارے اور مقامی حکومتیں صورتحال کا بہتر اندازہ اور اس کا تدارک کر سکیں۔

بیلجیئم میں دارالحکومت برسلز اور اس کا والونیا ریجن 19 اگست سے ہی ریڈ ہو چکا تھا، لیکن اب اس کا فلاندرز ریجن بھی اورنج سے ریڈ شکل اختیار کر گیا ہے۔ اس طرح اب بیلجیئم اس یورپین ٹریول میپ میں مکمل طور پر سرخ قرار دے دیا گیا ہے۔

ای سی ڈی سی ہر 2 ہفتے کے بعد یورپین سطح پر ٹریول میپ کی نئی کلر کوڈنگ جاری کرتا ہے۔ جس ملک یا علاقے میں ایک لاکھ شہریوں پر اگر مثبت کیسز 75 سے زائد ہوجائیں یا وہاں مجموعی شرح 4 فیصد سے زائد ہوجائے تو اس کا کلر سرخ قرار دے دیا جاتا ہے۔

اسی طرح اگر مثبت کیسز 200 افراد فی ایک لاکھ سے زائد ہوجائے تب بھی یہ رنگ سرخ قرار پائے گا۔

بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے ادارے سائنسانو کے مطابق اس وقت بیلجیئم میں ہر ایک لاکھ شہریوں پر 200 سے زائد مثبت کیسز ہیں۔

تازہ ترین