• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن و سنت کی تعلیم کردارسازی کے ساتھ عملی رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے، ناز شاہ ایم پی، بریڈفورڈ میں گریجویشن تقریب

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )المرکز اسلامی بریڈفورڈ میں گریجویشن کی ایک پروقار تقریب ہوئی جس میں 200 طالبات کو چار سالہ عالمہ کورس کی تکمیل پر اسناد دی گئیں، گریجویشن کی تقریب میں شیڈووزیر ناز شاہ ایم پی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، اس موقع پر شیخ مفتی قاضی حسن رضا اور ناز شاہ ایم پی نے طالبات کو ڈگریاں دیں، اس موقع پر ناز شاہ ایم پی کا کہنا تھا کہ بچیوں کو قرآن وسنت کی تعلیمات نہ صرف کردار سازی میں بنیاد فراہم کرتی ہیں بلکہ عملی رہنمائی بھی وہیں سے ملتی ہے، انہوں نے المرکز اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے دوران ادارے نے آن لائن تعلیمی سلسلہ جاری رکھا، آج سینکڑوں کی تعداد میں طالبات نہ صرف دین بلکہ دنیاوی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوئی ہیں، ادارہ کے مہتمم مفتی حسن رضا نے کہا کہ ایک عورت کی تعلیم پوری انسانیت اور معاشرے کی تکمیل کا باعث ہوتی ہے، اسلام کی نظر میں دینی تعلیم مرد وعورت دونوں کے لیے یکساں طور پر مطلوب ہے، اور بنیادی عقائد، فرائض اورحلال حرام کا جاننا ہرمرد وعورت پر فرض ہے، قرآن کریم نے علم کوانسانوں کے لیے بطور انعام الٰہی کے بیان فرمایا ہے اوراس میں کہیں بھی مردوں کی تخصیص نہیں، آج الحمدللہ اس ادارے سے سیکڑوں بچیوں نے اپنی گریجویشن مکمل کی ہے، اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والی بچیاں مختلف شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ سیکولر تعلیم میں بھی آگے آگے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ بچوں کو دینی تعلیم کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کریں، گریجویشن کی تقریب میں بچیوں کے والدین اور مقامی کمیونٹی کے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، انہوں نے علامہ مفتی حسن رضا کے وجود کو سرزمین بریڈفورڈ میں ہرعمرکےمسلمانوں کےلیے مشعل راہ قرار دیا اور ان کی دینی خدمات کے تسلسل کے لیے خصوصی دعا کی ۔

تازہ ترین