• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیغام اسلام ٹرسٹ کے تحت برمنگھم میں اجتماع، مسلمانوں کے درمیان اتحاد کیلئے کوشاں ہیں،علما کرام

برمنگھم( پ ر )پیغام اسلام ٹرسٹ برمنگھم کے علاقہ سپارک ہل میں گزشتہ 45سالوں سے مسلمانوں کی خدمت میں لگی ہوئی ہے، وہ یوکے اسلامک مشن کے ساتھ ملکر مسجد ،مدرسہ اور کمیونٹی ورک کررہی ہے وہ مسلمانوں کے اندر اتحاد پیدا کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار پیغام اسلام ٹرسٹ کے سیکرٹری مالک چوہدری نے پیغام اسلام مسجد میں منعقدہ اجتماع میں کیا، جس کی صدارت یو۔کے اسلامک مشن مڈلینڈ زون کے ناظم بابر سلیم راجہ نے کی اور مہمان خصوصی برنلے سے آئے ہوئے مولانا لال اختر تھے، مسجد کے خطیب مولانا محمد سجاد نے بتایا کہ آج کا اجتماع خصوصی طور پر ان لوگوں کے لئے منعقد کیا گیا ہے جنہوں نے اس ادارے کی خدمت کی ہے، ان میں علمائے کرام اور مسجد کے نمازی بھی شامل ہیں۔ تقریب میں ٹرسٹ کے کاموں میں ہاتھ بٹانے والے افراد کو ہال گرین برمنگھم کے ممبر آف پارلیمنٹ طاہر علی نے خصوصی ٹرافیاں دیں، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ لوگ خوش قسمت ہیں جومساجد بناتے ہیں اور مسلمانوں کی خدمت کرتے ہیں وہ بھی سیاست میں اسی لئے آئے ہیں کے عوام کی خدمت کریں، تقریب سے ایک اور مہمان سید جنید مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان والد گرا می مو لانا سید منور حسین مشہدی مرحوم نے پیغام اسلام ٹرسٹ کے کام کو آگے بڑھانے کے لئے انتھک محنت کی، انہوں نے ساری زندگی دین اسلام کی اشاعت اور مسلمانوں کی فلاح وبہبود کے لئے وقف کی وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے بھی سر گرم رہے، اب موجودہ ذمہ داروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس کام کو آگے بڑھائیں، پیغام اسلام کے سابقہ چیئرمین حاجی محمدیعقوب مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، ان کے صاحبزادے راشد یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد محترم کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ نوجوان مسجد کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ نوجوان نسل اسلام کی طرف راغب ہو اور وہ اس ملک میں بطور مسلم کمیونٹی کے مثبت رول ادا کر سکیں۔ سپارک ہل کی سماجی اور کاروباری شخصیت حاجی رمضان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے آپ کو مسجدوں سے وابستہ کرتے ہیں وہی دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوتے ہیں۔ پیغام اسلام کے ٹرسٹی اور تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کمیونٹی نے اسلام کی تبلیغ کے حوالے سے برطانیہ میں اہم رول ادا کرناہے اور نوجوان نسل یہ کام بہتر انداز میں کرسکتی ہے۔ برنلے سے آئے ہوئے مہمان خصوصی مولانا لال اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب وہ برمنگھم میں1977میں آئے اس وقت سپارک ہل میں مسلمانوں کی آبادی کم تھی لیکن اب تو برمنگھم میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان بستے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے کا م کو بہتر طریقے سے منظم کریں تاکہ دین اسلام کی تبلیغ ہر طرف پھیلے، تقریب کے صدر اور یوکے اسلامک مشن مڈلینڈ زون کے ناظم بابر سلیم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشن کے کارکن کمیونٹی کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ مشن کی مساجد سب کے لئے کھلی ہیں، ہم مسلمانوں کے اندر اتحاد کی کوشش کرتے ہیں، کمیونٹی ورکر خواجہ محمد سلیمان نے کہا کہ مسجد نوجوانوں کی اصلاح کے لئے اہم رول ادا کرسکتی ہے، نوجوان نسل اس وقت کئی مشکلات سے دوچار ہے، ان کو مقامی سطح پر کام نہیں مل رہا، ہمیں اس کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے، پیغام اسلام مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالا سلام راشدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان مساجد کی تعمیر وترقی میں حصہ ڈالتے ہیں، ان کو اس کا آخرت میں اجر عظیم ملے گا۔انہوں نے پیغام اسلام مسجد کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام افراد کے لئے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین