• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: کرکٹ کیلئے پہلا گراؤنڈ مختص، پاکستانی نژاد کونسلر کی کاوشوں کا نتیجہ

یورپی دارالحکومت برسلز میں کرکٹ کیلئے پہلا گراؤنڈ مختص کردیا گیا ہے۔ یہ گراؤنڈ برسلز کی مقامی میونسپل کمیٹی آندرلیخت میں کونسلر عامر نعیم کی کوششوں سے مختص ہوا ہے، جس کا افتتاح آندرلیخت کمیون کے مئیر فیبرس کمپس نے کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسے تو سارے یورپ اور بیلجیئم میں فٹبال کھیلی جاتی ہے۔ لیکن اس بات سے بھی آگاہ ہیں کہ یورپی دارالحکومت برسلز ایک ملٹی کلچرل شہر ہے۔

اسی لیے جب پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے آپ کے کونسلر عامر نعیم نے ہمیں متوجہ کیا کہ کرکٹ ایک معروف کھیل ہے جو دنیا میں کروڑوں لوگ کھیلتے ہیں اور خصوصی طور پر ایشیائی کمیونٹی اس کھیل میں بہت دلچسپی لیتی ہے۔ جس پر ہم نے فیصلہ کیا کہ اس کھیل کو بھی اجاگر کیا جانا چاہیے۔

بعد ازاں جب ہمیں مزید یہ معلوم ہوا کہ اس کھیل کیلئے کوئی گراؤنڈ مختص نہیں ہے تو جگہ کی کمی کے باوجود یہ طے کیا گیا کہ دارالحکومت برسلز کی 19 مقامی میونسپل کمیٹیوں میں سے ہم پہل کریں گے اور پاکستانی اور ایشین کمیونٹی کو اس کھیل کے لیے جگہ فراہم کریں گے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ان گراؤنڈز کو صرف کرکٹ کے لیے مخصوص کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر کونسلر عامر نعیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے انتخاب کے وقت ہم نے جو تین بڑی ضرورتوں کو پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس میں سے ہم مسلمانوں کے لیے قبرستان کی جگہ اور کرکٹ گراؤنڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور انشاء اللّٰہ تیسری ضرورت یعنی ایک کمیونٹی سینٹر کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر بیلجیئن کرکٹ ایسوسی ایشن کے پاکستانی نژاد صدر عمیر بٹ نے مئیر، کونسلر عامر نعیم اور کھیلوں اور گراؤنڈز کے انچارج کونسلر جولین ملکے کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے ایک ملین آبادی سے زائد کے بڑے شہر میں کرکٹ کا پہلا گراؤنڈ میسر ہوا ۔ جس سے ایشین کمیونٹی کے نوجوانوں کو اپنی پسند کے کھیل کھیلنے اور اس میں حصہ لینے کا موقع میسر آئے گا۔

اس موقع پر بیلجیئن کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے انہوں نے اپنے انڈین اور سری لنکن ساتھیوں کے ہمراہ مہمانان خصوصی کو سووینئیرز بھی پیش کیے۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے چنیدہ افراد بھی شریک تھے جنہوں نے اس اقدام پر مسرت کا اظہار کیا۔

تازہ ترین