• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی فورم کی یوم دفاع کے حوالے سے تقریب

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) یوم دفاع پاکستان ان عظیم شہدا اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانیں دے کر اور جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے بزدلانہ عزائم خاک میں ملا دیئے تھے۔ جنگیں صرف غرور تکبر اور طاقت سے ہی نہیں بلکہ قومی جذبوں سے لڑی جاتی ہیں جو پاکستان نے ثابت کیا۔ ان خیالات کا اظہار برٹش پاکستانی فورم کے زیراہتمام منعقدہ یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے تقریب سے ریٹائرڈ کرنل شاہد علی، ریٹائرڈ کیپٹن صبغت اللہ، کمانڈر ایس ایس جی پاک آرمی ریکارڈ ہولڈر کیپٹن ر جہانگیر بٹ، ابراہیم عباسی بٹالین سینئر آفیسر اور دیگر نے کیا۔ آرگنائزر اعجاز احمد صدیقی کی صدارت میں اس پروگرام میں چوہدری آفتاب، سلیم شہزاد، مومن سعید، عرفان بٹ، ہمایوں خان، ہما خان اور دیگر نے خیالات کا اظہار کیا۔ اعجاز احمد صدیقی کا کہنا تھا یوم دفاع تجدید عہد کا دن ہے، ہم پاکستان کی سالمیت ووقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، اس طرح کے اجتماعات کا مقصد نوجوان نسل کے اندر جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ اپنی تاریخ سے روشناس ہو سکیں۔ ہما خان کا کہنا تھا زندہ قومیں اپنی تاریخ سے نہ صرف جڑی رہتی ہیں بلکہ اس کے فروغ کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہیں، آج خواتین بھی مردوں کے ہم پلہ ہو کر وطن کی حفاظت کیلئے کمربستہ ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کا روشن چہرہ اجاگر کرنے والے مختلف افراد کو اعزازات دیئے گئے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ملی نغموں، قومی ترانوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ آخر میں ملکی سالمیت کیلئے دعا کی گئی۔ 

تازہ ترین