• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاہدے کے تحت 169 مسافر کابل سے خصوصی پرواز میں دوحہ روانہ

طالبان اور امریکی حکام کے درمیان معاہدے کے تحت اجازت ملنے پر 169 مسافر کابل سے خصوصی پرواز میں دوحہ روانہ ہوگئے۔ افغان فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند ہونے کی وجہ سے طیارے نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر ایئرویز کی خصوصی پرواز کیو آر 7277 نے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شام 6 بجے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل سے دوحہ کیلئے ٹیک آف کیا۔

افغانستان کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند ہے۔ اس وجہ سے چارٹرڈ طیارہ پرواز کے 15 منٹ بغد افغان فضائی حدود چھوڑ کر پاکستان میں داخل ہوا اور پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے منزل کی طرف روانہ ہوگیا۔

بین الاقوامی پرواز کی روانگی سے بعض میڈیا پر کابل سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع ہونے کا تاثر دیا جارہا ہے تاہم ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ ابھی تک کمرشل پروازوں کے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل ایئرپورٹ نے بین الاقوامی تجارتی پروازیں دوبارہ شروع نہیں کی ہیں بلکہ ایک چارٹرڈ فلائٹ طالبان اور امریکی حکام کے نئے معاہدے کے تحت ان مسافروں کے ساتھ روانہ ہوئی جنہیں افغانستان چھوڑنے کی اجازت ملی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس پرواز سے مختلف ممالک کا ویزا یا غیرملکی پاسپورٹ رکھنے والے 169 عام شہری دوحہ روانہ ہوئے ہیں جو قطر سے اپنی اگلی منزل کا تعین کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بین الاقوامی ٹرمینل بھی قطر کی نگرانی میں ازسرنو تیاری کے مراحل میں ہے۔ جہاں وہی افغان سویلین عملہ کام شروع کر رہا ہے جو طالبان کے کنٹرول سے قبل وہاں پر ڈیوٹی پر متعین تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ رواں ہفتے شروع ہوا تھا۔ تاحال اندرون ملک پروازیں صرف افغانستان کی قومی ایئرلائن کے ذریعے ہی چلائی جارہی ہیں۔

تازہ ترین