• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18 سال کا انتظار ختم، خوشی کی آمد، نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18سال بعد دورہ پاکستان پر ہفتے کو اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔مہمان ٹیم ڈھاکا سے اسلام آباد ایئرپورٹ چارٹرڈ فلائٹ پر پہنچی ہے۔اسلام آباد پہنچنے پر مہمان ٹیم کا نجی ہوٹل میں کورونا وائرس ٹیسٹ ہوگا، کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر مہمان ٹیم کو پریکٹس کی اجازت ملے گی۔نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے ڈھاکا سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی، جہاں سے انہیں انتہائی سیکیورٹی میں نجی ہوٹل روانہ کردیا گیا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ ون ڈے کرکٹ سیریز میں ڈی آر ایس ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے اب یہ سیریز کےتینوں میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی بجائے دو طرفہ سیریز کے میچز شمار کیے جائیں گے۔یہ فیصلہ ڈی آر ایس کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے، جو کہ آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کی پلیئنگ کنڈیشنز کا ضروری حصہ ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ہفتے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا اسٹیٹس تبدیل کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو اب 2ٹیسٹ اور 3ون ڈے انٹرنیشنل میچزپر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیےدوبارہ 2022میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ لہٰذا دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ اب اُس سیریز میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023کی کوالیفکیشین کہلائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے بد انتظامی کے اس سنگین واقعے کی وجہ سے ایک جانب پاکستان کرکٹ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے دوسری طرف ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 15ستمبر کو انٹر اسکواڈ میچ شیڈول ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے 17ستمبر کو ہوگا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں انٹر ااسکواڈ میچ کھیلا۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی جس کے میچز 17، 19اور 21ستمبر کو کھیلے جائیں گے، میچز کیلئے 25فیصد شائقین کرکٹ کو بھی اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی گئی ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نےآخری مرتبہ کیوی کھلاڑیوں نے 2003میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں متواتر کرکٹ ہونا خوش آئند ہے، تمام کھلاڑی پاکستان دورے پر خوش ہیں۔

تازہ ترین