• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان حکمران بن چکے، امریکا بڑا ہے دل بھی بڑا کرے، افغان وزیر خارجہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ طالبان حکمران بن چکے ، امریکا بڑا ملک ہے وہ حوصلے کا مظاہرہ کر کے افغانستان کے ساتھ ظالمانہ رویہ نہ اپنائے،عالمی ممالک تعصب اوربدنیتی پرمبنی پالیسی ترک کریں اورافغان حکومت کو تسلیم کریں۔ کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امریکا 20 سال تک تنازع کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کرسکا، آئندہ بھی ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ملکوں نے افغانستان کی مدد کی ان کا شکریہ اداکرتے ہیں، جنیوا عالمی کانفرنس میں بھی جن ملکوں نے مدد کا اعلان کیا انکا خیرمقدم کرتے ہیں۔ افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ فراہم کردہ رقم افغان بینک کے ذریعے مستحقین تک پہنچائی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام ممالک کیساتھ مثبت تعلقات چاہتے ہیں، عالمی ممالک سے توقع ہے کہ وہ افغانستان کی تعمیرنومیں مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیرنو پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، روزگارکے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات کریں گے، کوشش ہے جو لوگ بیرون ملک گئے ہیں وہ بھی ملک میں واپس آئیں جب کہ مہاجرین کی واپسی کیلئے بھی کوشش کرینگے۔ امیرخان متقی نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن وامان کے حوالے سے اب ماحول سازگار ہے، سرمایہ کاربھی ملک کی تعمیرنومیں اپنا کردارادا کریں۔ سرمایہ کارافغانستان آئیں ان کومکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقت کو تسلیم کریں طالبان اب افغانستان کے حکمران بن چکے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جب نظام تبدیل ہو جاتا ہے تواس میں پرانے نظام کے لوگوں کوشامل نہیں کیا جاتا، کیا سابقہ افغان حکومت میں امارت اسلامی کے نمائندے موجود تھے؟ نئی افغان کابینہ میں ازبک، تاجک، پشتون اور نورستان والے بھی موجود ہیں۔

تازہ ترین