• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں میٹل پارک کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے ،پارلیمانی سیکرٹری معدنیات

کوئٹہ(خ ن)پارلیمانی سیکرٹری برائے معدنیات و معدنی ترقی میر سکندر عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت معدنیات کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔صوبے میں میٹل پارک کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت صنعت و پیداوار حکومت بلوچستان اور محکمہ معدنیات و معدنی ترقی کے اشتراک سے بلوچستان میں میٹل پارک کے قیام سے متعلق ایک روزہ سیمینار کے موقع پر خطاب میں کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ جام کمال،صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی،صوبائی مشیر محمد خان لہڑی،چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا،سیکرٹری معدنیات سید ظفر علی بخاری سمیت سرمایہ کار،مائن اونرز،مختلف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز ودیگر موجود تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے معدنیات نے کہاکہ معدنیات کے شعبے پر توجہ دے کر صوبے میں بے روزگاری کے خاتمہ اور آمدنی کے ذرائع کو بڑھایا جا سکتا ہے اس کے علاوہ صوبہ بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے صوبے کی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور دولت سے مالا مال خطہ ہے۔ صوبے میں میٹل پارک کا مقصد کان کنوں اور سرمایہ کاروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو معاونت اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔تاکہ اس شعبے کو ترقی دے کر صوبے کے مستقبل کی ضرورت کے مطابق آمدنی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات صوبے میں میٹل پارک،جیو ڈیٹا سروے، ٹیسٹنگ لیب اور کمپنیوں کے قیام کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی پر عمل درآمد کررہاہے تاکہ ان قدرتی وسائل کو صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جاسکے۔
تازہ ترین