• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افواج پاکستان بیرونی حملہ آور کو جواب دینے کے لئے تیار ہیں، اپنی قومی یکجہتی کو برقرار رکھنا ہوگا، مقررین

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستان تحریک انصاف ویسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے ورکرز گروپ کی طرف سے گلاسگو میں یوم دفاع کے سلسلہ میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ہر شعبہ زندگی کےسیکڑوں افراد شریک ہوئے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں افواج پاکستان، پوری پاکستانی قوم اور تمام شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اپنے وطن کے دفاع کے لئے پوری طرح چوکس ہیں اور کسی بھی بیرونی حملہ آور کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں، ہمیں غیر ملکی سازشوں سے بچنا اور اپنی قومی یکجہتی کو برقرار رکھنا ہوگا۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل آف پاکستان سید زاہد رضا نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ کا ایسا یادگار دن ہے جس میں پاکستانی افواج نے اپنی پوری قوم کے تعاون سے متحد ہو کر اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی اور اس کے مذموم ارادے خاک میں ملا دیئے، ہمیں اپنی تاریخ کے ان قابل فخر واقعات سے نئی نسل کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سید زاہد رضا نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ان کی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی ادارے قائم کئے گئے ہیں، جن کی وزیراعظم ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں، ان اقدامات کے نتیجے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے اور انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں ریکارڈ تعداد میں رقوم بجھوائی ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اب پاکستان ہر شعبے میں مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے سنہری مواقع ہیں کہ وہ اپنے آبائی وطن میں سرمایہ کاری کرکے نہ صرف بہترین منافع کمائیں بلکہ پاکستان اور اس کے عوام کی بھی خدمت کریں۔ مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے صدر رانا عبدالستار نے پاکستانی شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہر پاکستانی ایک باعزت اور باغیرت قوم کے طور پر فخر سے اپنا سر بلند کئے ہوئے ہے اور رات کو سکون کی نیند سوتے ہیں۔ 6 ستمبر 1965ء کی جنگ میں پاکستانی فوج نے تاریخ ساز کارنامے انجام دیئے ۔ رانا عبدالستار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر ان کو باور کرایا ہے کہ وہ دنیا میں چاہے کسی بھی ملک میں آباد ہوں وہ پاکستانی ہیں اور ہماری حکومت ان کے تمام مفادات کی حفاظت کرے گی۔ رانا عبدالستار نے کہا کہ انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ پی ٹی آئی یوکے کے نائب صدر اور مہمان اعزازی عمران خلیل نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو پوری پاکستانی قوم دشمن کے سامنے ایک سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھی اور قوم میں اتنا زیادہ جذبہ تھا کہ ہر شہری محاذ پر جانے کا خواہشمند تھا۔ تحریک انصاف ورکرز گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ممتاز سیاسی و سماجی رہنما ریاض قریشی نے کہا کہ جنگی محاذ پر منہ کی کھانے کے بعد اب ہمارے دشمن نے پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کا طریقہ شروع کردیا ہے اور پاکستانی قوم کو لسانی، مذہبی اور علاقائی گروہوں میں تقسیم کرکے اسے کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چنانچہ ہمیں ان سازشوں سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے، ریاض قریشی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں عمران خان کی قیادت میں ایک ایسی حکومت قائم ہے جس کی دیانت اور امانت کسی بھی قسم کے شک و شہ سے بالاتر ہے۔ بیلی کونسلر حنیف راجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تر جنگوں اور خراب صورتحال کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اگر اس خطے کو مزید تباہی سے بچانا ہے تو اس کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں رائے شماری کرانا ہے۔ ممتاز سیاسی رہنما رانا عامر افضل نے کہا کہ 6 ستمبر ایک ایسا یادگار دن ہے جب پاکستان نے جنگی جنون کا شکار بھارت کو ایک ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا اور ہمارے ایک پائلٹ ایم ایم عالم نے صرف 30 سکینڈز میں 5 بھارتی طیاروں کو گرا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ پاکستان تحریک انصاف ویسٹ آف سکاٹ لینڈ کے صدر میاں علی احمد صوفی نے کہا کہ 6 ستمبر کی 17 روزہ جنگ میں پاکستانی افواج نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر ثابت کردیا کہ جنگیں صرف اسلحے سے نہیں بلکہ قوت ایمانی، قومی یکجہتی و اتحاد اور کسی واضح نصب العین کی بنا پر جیتی جاتی ہیں۔ تقریب سے دیگر کئی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا، نظامت کے فرائض ظفر اللہ خاں، رانا نوید اصغر اور عمر اسحاق نے ادا کئے۔ آخر میں صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو حسن کارکردگی پر ایوارڈز دیئے گئے۔ 

تازہ ترین