• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسرت عالم کو حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونے پر WKA کی مبارکباد

واشنگٹن (جنگ نیوز) دی ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم (ڈبلیو کے اے) نے تاحیات چیئرمین سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد مسرت عالم بھٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیرمین، شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار کو نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں ڈبلیو کے اے کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ ہم مسرت عالم بھٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا نیا سربراہ منتخب ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیں جو سید علی گیلانی کے مضبوط اور باصلاحیت جانشین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کشممیر اویئرنیس فورم جموں و کشمیر کےعوام اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان رہنمائوں کی قربانیوں، عزم اور جدوجہد کے پیش نظر تہہ دل سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی نئی قیادت کی توثیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ آزادی کشمیر اور عوام کیلئے سید علی گیلانی اپنے بے باک اور غیر متزلزل عزم اور قیادت کی وجہ سے ایک ہیرو تھے اور ان کی موت سے ہونے والے خلا کو پر کرنا ممکن نہیں ہوگا لیکن وہ مسرت عالم بھٹ کی قیادت اور عزم پر زبردست بھروسہ کرتے ہیں۔ مسرت عالم اور شبیر احمد شاہ کو بھارتی قابض افواج کی خواہش پر غلط اور بلاجواز بالترتیب 27 اور 37 سال تک قید رکھا گیا اور بھارتی قابض افواج کا ہمارے لوگوں کو دہشت زدہ، خوفزدہ کرنے اور نقصان پہنچانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ مسرت عالم کو بدنام زمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے تحت 37 مرتبہ بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رکھا گیا۔ 2019 تک کشمیر کی عدالتوں نے ان میں سے زیادہ تر احکامات کو کالعدم قرار دے دیا تھا لیکن ان تمام مظالم کے باوجود وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کیلئے مطالبے پر مکمل طور پر ڈٹے ہوئے ہیں، جموں و کشمیر کےعوام کے حق خود ارادیت کیلئے ہمارا مطالبہ غیر مترلزل ہے اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہماری زمین کیلئےانصاف اور امن حاصل نہیں کر لیا جاتا۔
تازہ ترین