• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیریز کی منسوخی کا غصہ اپنی کارکردگی میں نکالیں، رمیز راجا کی کرکٹ ٹیم سے درخواست

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بارے میں پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ سیریز ہونے سے میرا اور آپ کا دکھ ایک جیسا ہے۔ہمیں توقع کچھ اور تھی اور ہو کچھ اور گیا۔میری پاکستان کرکٹ ٹیم سےدرخواست ہے کہ آپ سیریز کی منسوخی کا غصہ اپنی کارکردگی میں نکالیں اور نا قابل تسخیر بن کر دکھائیں ۔دنیا کو دکھانے اور منوانےکے لئے آپ کو بہترین ٹیم بننا ہے۔جب آپ بہترین ٹیم بن جاتے ہیں توپھر پاکستان میں سیریز کے لئے غیر ملکی ٹیموں کی لائنیں لگ سکتی ہیں۔ہفتے کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے سبق سیکھیں اور ہمت رکھیں۔پاکستان کرکٹ پر بہت دباؤ بڑھا ہے لیکن مایوسی کی ضرورت نہیں ہے۔پاکستان کی ہوم کرکٹ پر آنے والے دباؤ کے لئے جو ہوسکے گا وہ کریں گے۔آپ کو آگے اچھے نتائج اور اچھی خبریں ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ شائقین کی طاقت اور سپورٹ کی ضرورت ہے۔پاکستان ٹیم کو اب دنیا کی بہترین ٹیم بن کر سامنے آنا ہے۔کھلاڑی اس قسم کے چیلنج سے نجات حاصل کرکے آگے بڑھ سکیں۔شائقین کی مایوسی میں، میں بھی شامل ہوں۔اور پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائیں گے۔رمیز راجا نے کہا کہ یہ صورتحال ہمارے لئے نئی نہیں ہے۔شائقین اور کرکٹرز میں قوت بہت ہے۔اگر پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ دباؤ میں آگئی ہے تو ہم دنیا کو پھر سے چیلنج کرتے ہیں۔میں شائقین سے کہتا ہوں کہ وہ پاکستان ٹیم کے پیچھے کھڑے رہیں۔ورلڈ کپ میں ٹیم کے بازو بن جائیں۔

تازہ ترین