• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم کمیونٹی نوجوان نسل کو تعلیم کی جانب راغب کرے، لارڈ میئر برمنگھم

برمنگھم( پ ر) مسلم کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ اپنی نوجوان نسل کو تعلیم وتربیت کی طرف راغب کریں، مسلم کمیونٹی کے بچے خصوصی طور پر پاکستان نژاد بچے تعلیم کے میدان میں دوسری کمیونٹیز کے بچوں سے بہت پیچھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لارڈ میئر برمنگھم کونسلر چوہدری محمد افضل نے یوکے اسلامک مشن مڈلینڈزون کے وفد جس کی قیادت راجہ بابر سلیم ناظم مڈلینڈ زون نے کی سے گفتگو میں کیاوفدمیں پیغام اسلام برانچ کے خواجہ محمد سلیمان اور سپارک بروک برانچ کے مدثر بصیر بھی شامل تھے۔ لارڈ میئر کونسلر محمد افضل نے کہا کہ مسجدیں اور علمائے کرام اس سلسلے میں کمیونٹی کی رہنمائی کریں، دنیا وی مال ودولت یہاں ہی رہ جائے گی اگر ہم نے آئندہ آنے والی نسل کو تیار نہ کیا تو کل یہ خوبصورت مسجدیں ویران ہوں گی،بابرسلیم راجہ نے لارڈ میئر سے اتفاق کیا اور کہا کہ یوکے اسلامک مشن کی مساجد سے یہ پیغام کمیونٹی کو کئی برس سےدیا جا رہا ہے کہ بچوں کی تعلیم پر والدین زیادہ توجہ دیں کیونکہ یہی ہمارا مستقبل ہیں۔ مدثربصیر نے بتایا کہ سپارک بروک کی مسجد میں نوجوانوں کوتعلیم و تربیت پر راغب کرنے کئے لئے یوتھ سرکل جاری ہے اور یوکے اسلامک مشن فوڈحب کے ذریعے مستحق لوگوں کو ضروریات زندگی کا سامان مہیا کیا جاتا ہے اور خصوصی طور پر کورونا کے دوران اس کام کو بڑے منظم طریقے سے کیا گیاہے، لارڈ میئر کونسلر محمد افضل نے یوکے اسلامک مشن کی سرگرمیوں کی تعریف کی اور کہا کہ برمنگھم شہر میں بہت ساری مساجد یہ کام کررہی ہیں ۔برطانوی گورنمنٹ اور برمنگھم سٹی کونسل مسلمانوں کے ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ خواجہ سلیمان نے سپارک ھل وارڈ کے حوالے سے لارڈ میئر کو بتایا کہ وارڈ محرومیوں کا شکار ہے، بے شمار مسائل ہیں جن پر توجہ نہیں دی گئی ،لارڈ میئر نے کہا کہ یہ لوکل کونسلرز اور ممبرآف پارلیمنٹ کا کام ہے کہ وہ ان مسائل کو گورنمنٹ کے ساتھ اٹھائیں، خواجہ سلیمان نے لارڈ میئر کو پیغام اسلام مسجد آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

تازہ ترین