• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنا معاملہ وقت کے سپرد کردیا، سونو سود کا ٹیکس چوری الزامات پر بیان

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکار سونو سود نے خود پر لگے ٹیکس چوری کے الزام کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔اداکار نے ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کی جس کے مطابق انہوں نے اپنا معاملہ فی الحال وقت کے سپرد کردیا ہے۔سونو سود نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آپ کو ہمیشہ اپنی طرف کی کہانی بتانے کی ضرورت نہیں ہوتی، وقت خود سب بیان کردیتا ہے۔ میں نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ میں بھارت کے لوگوں کی دِل سے خدمات کروں گا۔ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اداکار نے لکھا کہ میرے فاؤنڈیشن میں موجود ہر ایک روپیہ کسی کی جان بچانے یا ضرورت مند تک پہنچنے کے انتظار میں ہے۔ بہت سے مواقع پر میں نے مختلف برانڈز کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ میری جانب سے ان کی مصنوعات کی تشہیر کا معاوضہ بھی انسانی ہمدردی کے کاموں پر خرچ کریں۔انہوں نے صارفین کیلئے کہا کہ میں گزشتہ چار روز سے مہمانوں میں مصروف تھا اس لیے آپ میری خدمات سے محروم رہے، اب میں واپس آچکا ہوں، میرا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔واضح رہے کہ کووڈ کے دوران لوگوں کی کھل کر مدد کرنے والے سونو سود کے گھر اور دفاتر پر بھارت کے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے چھاپے مارے تھے، چھاپے ممبئی، لکھنؤ، کان پور سمیت 28 مقامات پر مارے گئے۔چھاپوں کے بعد انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اداکار کے خلاف کروڑوں روپے ٹیکس چوری کے ٹھوس ثبوت اکٹھے کیے گئے ہیں۔محکمہ انکم ٹیکس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سونو سود کی فلاحی تنظیم نے رواں سال اپریل سے اب تک 18.94 کروڑ روپے کے عطیات جمع کیے، ان میں سے اب تک 1.7 کروڑ روپے ہی خرچ کیے گئے ہیں جبکہ بقیہ رقم تاحال غیر استعمال شدہ ہے۔اعلامیہ کے مطابق سونو سود نے اپنی فلاحی تنظیم کے لیے عطیات بیرون ممالک سے بھی اکٹھے کیے جو فارن کنٹری بیوشن (ریگولیشن) ایکٹ (ایف سی آر اے) یعنی غیرملکی عطیات انضباطی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

تازہ ترین