• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کے 30 سالہ فلمی کیریئر پر ڈاکیومنٹری بنانے کی تیاریاں شروع

ممبئی (آئی این پی) بولی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے بولی وڈ میں 30 سالہ کیریئر پر ایک ڈاکیومنٹری سیریز کی تیاری شروع کردی گئی ہے جو ممکنہ طور پر ایک بڑے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی۔ اس ڈاکیومنٹری میں ان کی سپر اسٹار حیثیت، تنازعات، باکس آفس کے ہٹس، ان کی رومانی داستانیں اور پیشہ ورارنہ رقابتیں سب کچھ شامل کی جائیں گی۔ایک نیوز پورٹل کے مطابق اس ڈاکیومنٹری کو سیریز کی شکل میں ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ان کے خاندان، ساتھی اداکاروں، ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز اور ساتھیوں کے انٹرویوز شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق ڈاکیومنٹری کی تیاری کا کام شروع ہوگیا ہے جس پر مشترکہ طور پر وز فلمز اور ایپلاز انٹر ٹینمنٹ کام کر رہے ہیں۔ نیوز پورٹل نے مزید بتایا کہ ایک ٹیم نے اس حوالے سے ایک بڑے او ٹی ٹی سے اس اہم پروجیکٹ کے پریمیئر کے لیے بات چیت بھی شروع کردی۔اس سیریز میں سلمان کی ذات کے ان پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی جائے گی جن سے مداح آج تک ناواقف ہیں۔واضح رہے کہ سلمان اس وقت کترینہ کیف کے ہمراہ ٹائیگر تھری فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ، سلمان بگ باس کے سیزن 15 کی میزبانی بھی کریں گے جس کیلئے ان کے 350 کروڑ روپے معاوضہ لینے کی اطلاعات ہیں ۔

تازہ ترین