• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فحش فلمیں بنانے کے الزام میں راج کندرا کی ضمانت منظور

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)فحش فلمیں بنانے کے الزام میں تین ماہ سے پولیس کی تحویل میں رہنے والے بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر صنعت کار راج کندرا کی ضمانت منظور کرلی گئی۔راج کندرا کو ممبئی پولیس نے رواں برس 19 جولائی کو فحش فلمیں بنانے اور ماڈلز کو بلیک میل کرنے کے الزامات کے تحت دائر کردہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق راج کندرا نے 18 ستمبر کو پانچویں بار ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور 20 ستمبر کو ممبئی ہائی کورٹ نے ان کی درخواست منظور کرلی۔درخواست میں راج کندرا نے موقف اختیار کیا تھا کہ پولیس انہیں ’قربانی کا بکرا‘ بنا رہی ہے، ان کے خلاف عدالت میں پیش کیے گئے چالان میں ان پر کوئی بھی الزام ثابت نہیں کیا گیا۔صنعت کار کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ فحش فلموں کے حوالے سے دائر فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں ان کا نام ہی نہیں، تاہم اس کے باوجود پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور ان پر کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکا۔راج کندرا کے مطابق پولیس نے تین ماہ کی تفتیش کے باوجود یہ ثابت نہیں کیا کہ صنعت کار براہ راست فحش فلمیں بنانے یا انہیں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے میں ملوث ہیں۔راج کندرا کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ نے مختصر سماعت کرتے ہوئے 50 ہزار بھارتی روپوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کرلی۔ضمانت ملنے کے بعد راج کندرا تین ماہ بعد گھر جا سکیں گے، اس سے قبل تین بار عدالتوں نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی جب کہ دو بار کورٹ کی سماعتیں ہی نہیں ہو سکی تھیں۔ان کی ضمانت منظور ہونے سے تین دن قبل ہی پولیس نے ان کے خلاف 1400 صفحات پر ضمنی چالان بھی عدالت میں پیش کیا تھا، جس میں ان کی اہلیہ شلپا شیٹی کا بیان بھی شامل تھا۔پولیس نے راج کندرا کی بیوی شلپا شیٹی سے بھی فحش فلمیں بنانے کے معاملے پر دو بار تفتیش کی، تاہم واضح طور پر یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ اداکارہ بھی مذکورہ معاملے میں ملوث رہی تھیں۔

تازہ ترین